حافظ فضل الرحیم اشرفی کی علمی و دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: وزیر اعظم شہباز شریف
وزیراعظم کا حافظ فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر اظہار افسوس
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم اعلیٰ اور شیخ الحدیث حافظ فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
علمی و دینی خدمات کا اعتراف
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ حافظ فضل الرحیم اشرفی ایک جید عالم دین، ممتاز محدث اور دینی تعلیم کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والی عظیم شخصیت تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی تعلیم، دینی اقدار کے فروغ اور اخلاقی تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی جس سے بے شمار طلباء و علمائے کرام نے استفادہ کیا۔
مرحوم کی یاد اور دلی ہمدردی
وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم کی علمی و دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔ وزیراعظم نے مرحوم کے اہل خانہ، جامعہ اشرفیہ کی انتظامیہ، اساتذہ، طلباء اور عقیدت مندوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔








