مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے قیام کا واحد راستہ ہے : وزیر اعظم
وزیر اعظم کا کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ تقریباً 8 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے قیام کا واحد راستہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عدلیہ کی بحالی اور کارکنوں کی آزادی تک جدوجہد جاری رہےگی، عمران خان
یوم حق خود ارادیت پر وزیر اعظم کا پیغام
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق، وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ہم "یومِ حقِ خودارادیت" منا رہے ہیں، تو ہم غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے جاری جائز جدوجہد کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ 5 جنوری ہمیں اس تاریخی عہد کی یاد دلاتا ہے جو عالمی برادری نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم اور یقینی بنانے کے لیے کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزرائے اعظم کے ساتھ زیادتی کا رونا رویا جاتا ہے کیا عمران خان وزیر اعظم نہیں رہے؟ علی محمدخان
اقوامِ متحدہ کی قرارداد 1949
وزیر اعظم نے یاد دلایا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ کے کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں واضح طور پر یہ طے کیا گیا کہ ریاستِ جموں و کشمیر کے حتمی مستقبل کا فیصلہ اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے کے باعث یہ عہد آج تک پورا نہیں ہو سکا اور مذکورہ قرارداد پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ بھارت تمام تر جبر و تشدد اور ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام کے عزم کو پست نہیں کر سکا۔
یہ بھی پڑھیں: نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا قصور کے سیلابی علاقوں کا دورہ، متاثرین سے ملاقاتیں
بین الاقوامی برادری سے مطالبات
وزیر اعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو فوری طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے، 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی واپسی، جابرانہ قوانین کے خاتمے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے پر آمادہ کرے۔
پاکستان کا کشمیری عوام کے حق کے لیے عزم
انہوں نے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلایا کہ پاکستان ان کے جائز حق کے لیے اپنی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ہر دستیاب عالمی فورم پر ان کی آواز بنتا رہے گا۔








