ایک نام نہاد نمائشی ڈائیلاگ کمیٹی کی جانب سے پی ٹی آئی سے وابستہ افراد کو گمراہ کن پیغامات ارسال کیے جا رہے ہیں، بریگیڈیئر (ر) مشتاق۔
پی ٹی آئی کا بیان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی اور فوکل پرسن، بریگیڈئیر ریٹائرڈ مشتاق کا کہنا ہے کہ ایک نام نہاد نمائشی ڈائیلاگ کمیٹی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ افراد کو گمراہ کن پیغامات ارسال کیے جا رہے ہیں۔ یہ وہی عناصر ہیں جنہوں نے مشکل ترین وقت میں چیئرمین عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑا، کھلے عام پریس کانفرنسیں کیں، سوشل میڈیا پر اعلانات کے ذریعے پارٹی سے لاتعلقی اختیار کی اور عملاً منحرف ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودیہ سمیت دیگر عرب ملکوں میں آج عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے
سیاسی وابستگی کا خاتمہ
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ان افراد نے نہ صرف اپنی سیاسی وابستگی ختم کرنے کا خود اعلان کیا بلکہ بعد ازاں دیگر سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کر کے وہاں باقاعدہ عہدے بھی حاصل کیے۔ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر ان افراد کو باضابطہ نوٹیفکیشن کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف سے خارج کیا جا چکا ہے، ایسے لوگ آج کسی بھی صورت خود کو پی ٹی آئی سے منسوب کرنے کا کوئی اخلاقی، سیاسی یا تنظیمی حق نہیں رکھتے۔
یہ بھی پڑھیں: سنائے تاکائیچی جاپان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم منتخب ہو گئی
دیگر رہنماؤں کی رائے
پی ٹی آئی پنجاب کے فوکل پرسن نے کہا کہ یہ بھی واضح کیا جاتا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس پہلے ہی اس قسم کے نمائشی اور غیر سنجیدہ پروگراموں کو مسترد کر چکے ہیں جبکہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بھی اپنا مؤقف کھل کر اور واضح انداز میں بیان کر چکے ہیں۔
پارٹی کی ہدایات
بریگیڈئیر(ر) مشتاق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تمام رہنماؤں، عہدیداران اور کارکنان کو واضح اور دوٹوک ہدایات جاری کی جاتی ہیں کہ وہ اس نام نہاد نمائشی ڈائیلاگ کمیٹی یا اس طرز کے کسی بھی سیاسی تماشے سے مکمل طور پر ہوشیار اور دور رہیں۔ پارٹی کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ نہ پاکستان تحریک انصاف، نہ اس کا کوئی رہنما اور نہ ہی کوئی کارکن اس قسم کی خود ساختہ، گمراہ کن یا موقع پرستانہ مہم کا حصہ بنے گا اور نہ ہی ایسے عناصر سے کسی بھی سطح پر رابطہ، ملاقات یا مکالمہ کیا جائے گا۔








