عطا اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریکِ انصاف کا ردِ عمل آگیا
پی ٹی آئی کا ردعمل
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ فارم 47 کی بیساکھیوں پر کھڑی حکومت کے وزراء کا خیبر پختونخوا کے عوام اور ان کی منتخب کردہ حکومت پر پے درپے حملے کرنا ان کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عوامی تحریک کے خوف سے لرزاں شریف خاندان ہر بار حقائق کا سامنا کرنے کے بجائے اپنے تنخواہ دار درباریوں کی فوج کو میدان میں جھونک دیتا ہے تاکہ وہ جھوٹ اور بہتان تراشی کے ذریعے عوامی غیض و غضب کا رخ موڑ سکیں۔
دہشت گردی کے الزامات کی تردید
اعلامیہ میں کہا گیا کہ تحریکِ انصاف دہشت گردی کی سہولت کاری کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔ یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ عمران خان کی دور اندیش اور مربوط پالیسیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی کے دور میں دہشت گردی دم توڑ چکی تھی، لیکن بدقسمتی سے موجودہ حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث گزشتہ 2 سے 3 سالوں میں دہشت گردی میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ مظلومیت کا جھوٹا ناٹک رچانے سے پہلے مریم نواز کے حکم پر پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا جواب دیں۔








