یورپ میں پاکستان کا سائیکل سفیر — ملک شرجیل اعوان
تحریر: وقار ملک
ملک شرجیل اعوان: ایک نظریہ
یورپ کی سڑکوں پر اگر کوئی شخص پاکستان کا پرچم اپنے دل اور اپنی سائیکل پر لے کر چلتا دکھائی دے، تو وہ صرف ایک فرد نہیں بلکہ ایک نظریہ ہوتا ہے۔ یہ نظریہ ہیں ملک شرجیل اعوان — وہ نام جو آج یورپ بھر میں پاکستان، افواجِ پاکستان اور قومی وقار کی علامت بن چکا ہے۔ ہالینڈ میں مقیم ملک شرجیل اعوان ایک سماجی کارکن، کمیونٹی لیڈر اور پاکستان کے غیر سرکاری مگر انتہائی مؤثر سفیر ہیں۔ انہوں نے یورپ بھر میں سائیکل پر طویل سفر کر کے نہ صرف ایک انوکھا ریکارڈ قائم کیا بلکہ دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ پاکستان کا دفاع صرف سرحدوں پر نہیں، بلکہ ہر اُس جگہ ہوتا ہے جہاں پاکستان کے خلاف کوئی آواز اٹھے۔
برسلز کا احتجاج
شرجیل سائیکل پر نکل پڑے برسلز میں اُس وقت دنیا نے ملک شرجیل اعوان کا حوصلہ دیکھا جب پاکستان مخالف عناصر نے پاکستانی سفارت خانے کے سامنے افواجِ پاکستان کے خلاف مظاہرہ کیا۔ جیسے ہی یہ خبر شرجیل تک پہنچی، وہ اپنی سائیکل پر سینکڑوں کلومیٹر کا سفر طے کر کے موقع پر پہنچ گئے۔ تنِ تنہا، مگر فولادی عزم کے ساتھ، انہوں نے پاکستان اور پاک فوج کے خلاف لگنے والے نعروں کو روکنے کی کوشش کی۔ اس جرات مندانہ اقدام پر انہیں شدید تشدد کا سامنا کرنا پڑا، مگر وہ نہ جھکے، نہ رکے۔ زخمی جسم کے ساتھ بھی ان کی آواز بلند رہی "پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد!”
یہ صرف ایک احتجاج نہیں تھا، یہ ایک پیغام تھا کہ پاکستان کے خلاف نفرت جہاں بھی ہو، وہاں شرجیل اعوان کھڑا ہوگا۔
پاکستانی کمیونٹی کی یکجائی
شرجیل اعوان صرف احتجاجی کردار ہی نہیں، بلکہ وہ یورپ میں پاکستانی کمیونٹی کو متحد کرنے والے اہم ترین ناموں میں شامل ہیں۔ وہ اپنی جیب سے مختلف ممالک میں پاکستان کے نام سے تقریبات، سیمینارز اور اجتماعات کا انعقاد کرتے ہیں تاکہ پاکستانی کمیونٹی متحد رہے اور پاکستان کی مثبت تصویر دنیا کے سامنے آئے۔ ہماری اصل طاقت ہماری کمیونٹی ہے۔ اگر یورپ میں پاکستانی متحد ہو جائیں تو کوئی طاقت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ نہیں چلا سکتی۔
پاکستان کی قیادت کا نادر موقع
ملک شرجیل اعوان پاکستان کی موجودہ قیادت کو ایک نادر موقع قرار دیتے ہیں۔ وہ محسن نقوی کو اپنا آئیڈیل، میاں نواز شریف کو استاد، اسحاق ڈار اور وزیر اعظم میاں شہباز شریف کو پاکستان کا مسیحا قرار دیتے ہیں۔ نئے سال کے آغاز پر یورپین وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہمیں فیلڈ مارشل عاصم منیر جیسا بہادر، باوقار، ملنسار اور محب وطن سپہ سالار ملا ہے جو پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنا کر دم لے گا۔ آج وہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکے ہیں اور نوجوانوں کے ہیرو بن گئے ہیں۔"
مسلم لیگ ن کی ضرورت
شرجیل نے ہمیشہ اس بات کا برملا اظہار کیا ہے کہ پاکستان آج دنیا کی ضرورت بنتا جا رہا ہے۔ اس کے پیچھے ن لیگ کا وژن اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرات و اعتماد ہے۔ انہوں نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ یورپ میں مسلم لیگ ن کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ شرجیل اعوان یورپ میں مسلم لیگ ن کی کمزور تنظیمی موجودگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت آج دیارِ غیر میں وہ کردار ادا نہیں کر رہی جو اسے کرنا چاہیے۔ ہمیں یورپ میں مسلم لیگ ن کو منظم، متحرک اور فعال بنانا ہوگا۔
پاکستان کی ضرورت اتحاد ہے
شرجیل اعوان کا پیغام واضح ہے کہ پاکستان کو آج اتحاد کی ضرورت ہے۔ چند عناصر ملک اور فوج کے خلاف سازش کر رہے ہیں، ہمیں ان کا مقابلہ دلیل، کردار اور اتحاد سے کرنا ہے۔ اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہونا، معاشرتی برائیوں کا خاتمہ کرنا اور نوجوان نسل کو پاکستان سے جوڑنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
نوٹ
یہ مصنف کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔
لکھنے کے مواقع
اگر آپ بھی ڈیلی پاکستان کیلئے لکھنا چاہتے ہیں تو اپنی تحاریر ای میل ایڈریس ’[email protected]‘ یا واٹس ایپ "03009194327" پر بھیج دیں۔








