ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے بارے میں قرآن پاک کا واضح پیغام، محسن نقوی
وزیر داخلہ کا بیان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنا ہمارا کام ہے۔ نوبت آئی تو قانون پر عمل کرائیں گے، مذاکرات جن کا کام ہے وہ کریں گے۔ جامعہ اشرفیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں سے نمٹنے کی کافی پریکٹس ہے، اس طرح کی کوئی صورتحال ہوئی تو دیکھیں گے۔ ہمارے علما کرام محفوظ ہیں، ریاست کیخلاف ہتھیار اٹھانے والوں کیخلاف قرآن پاک میں واضح پیغام موجود ہے۔ ریاست کیخلاف کوئی ہتھیار اٹھائے تو واضح ہے اسے کس طرح ہینڈل کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی سے سوالات
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی سے پوچھا جائے انہوں نے اپنے افسران کی حفاظت کے لیے کیا کیا؟ وزیراعلیٰ کے پی سے ان کی کارکردگی پوچھی جائے۔ پی ٹی آئی احتجاج، امن و امان کے حوالے سے اسی طرح نمٹا جائے گا، ہم ان سے پہلے بھی کافی بار نمٹ چکے ہیں۔








