1971ء میں پاکستان کا دولخت ہونا اتنا بڑا سانحہ ہے جسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا اور محبان پاکستان کے دلوں میں یہ اتنا بڑا زخم ہے جسے مندمل کرنا دشوار ہے۔
اجلاس کی تفصیلات
مصنف: رانا امیر احمد خاں
قسط: 275
شرکاء کی فہرست
اجلاس ہذا میں شریک ریٹائرڈ آئی جی پولیس الطاف قمر، سابق ڈائریکٹر ایجوکیشن پنجاب پروفیسر جمیل نجم اور ڈاکٹر پروفیسر (ر) محمد شفیق جالندھری سے کہا گیا کہ وہ تھنک ٹینک کے آئندہ اجلاسوں میں شعبہ پولیس و تعلیم کے مسائل کے حل کے ضمن میں اپنی سفارشات کو حتمی شکل دیں تاکہ مذکورہ محکموں کے مرکزی و صوبائی وزراء، سیکرٹری صاحبان اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کی توجہ کے لیے تھنک ٹینک سٹیزن کونسل کی سفارشات ارسال کی جائیں۔
اجلاس کی صدارت
اجلاس کی صدارت سٹیزن کونسل کے صدر رانا امیر احمد خاں نے کی۔ دیگر شرکت کرنے والوں میں معروف قانون دان ظفر علی راجا، سید فیروز شاہ گیلانی، شاہد رانا ایڈووکیٹس، پروفیسر (ر) مشکور صدیقی، پروفیسر (ر) نصیر چوہدری، ایم اکرام چوہدری، لبنیٰ ملک، مسز شاہینہ کوثر، پروفیسر فرح زیبا، احمد وسیم، میجر جنرل (ر) راحت لطیف خواجہ اور انٹیلی جنس بیورو پاکستان کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل میجر (ر) محمد شبیر احمد کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔
تاریخی پس منظر
مشرقی پاکستان سے بنگلہ دیش تک
1971ء میں قائد اعظم کے پاکستان کا دولخت ہونا اتنا بڑا سانحہ ہے جسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا اور محبان پاکستان کے دلوں میں یہ اتنا بڑا زخم ہے جسے مندمل کرنا دشوار ہے۔ اس نقصان عظیم کے برپا ہونے کی ذمہ داری بنگلہ دیشی بھائیوں پر عائد نہیں ہوتی بلکہ اس کے ذمہ دار ہمارے اس وقت کے حکمران جنرل یحییٰ خان اور اس کے ڈپٹی پرائم منسٹر اور وزیر خارجہ ذوالفقار علی بھٹو پر برابر عائد ہوتی ہے جنہوں نے 1970ء کے الیکشن کے نتیجے میں مجیب الرحمن کو اکثریتی لیڈر ہونے کے باوجود ٹرانسفر آف پاور نہیں ہونے دیا۔ جنہوں نے مجیب الرحمن کے ساتھ سیاسی سمجھوتہ کرنے کی بجائے بدنیتی سے اپنے مشرقی پاکستانی عوام کے خلاف ملٹری ایکشن کا فیصلہ کیا۔ وہاں 32 ہزار جوانوں پر مشتمل نہتی فوج کو جسے ائیر شیلٹر اور نیول سپلائز کا سہارا بھی حاصل نہ تھا اپنے سے 10 گنا بڑی بھارتی فوج کے خلاف بے مقصد جنگ میں جھونک دیا تاکہ مشرقی پاکستان میں بچے کچھے فوجی جوانوں سے ہتھیار ڈالوا کر مغربی پاکستان میں اپنی دائمی حکمرانی قائم کرنے کے لیے راہ ہموار کی جائے۔
سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کا خطاب
ان درد بھرے خیالات کا اظہار انٹیلی جنس بیورو کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل میجر (ر) محمد شبیر احمد نے سٹیزن کونسل آف پاکستان کے تھنک ٹینک سے آج مورخہ 12 اپریل 2013ء لاہور میں ”مشرقی پاکستان سے بنگلہ دیش تک“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت سٹیزن کونسل کے صدر رانا امیر احمد خاں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے کی۔ دیگر خطاب کرنے والوں میں میجر (ر) صدیق ریحان، انجینئر پروفیسر اعجاز چوہدری، پروفیسر مشکور صدیقی، ایم اکرام چوہدری، حافظ شاہد جاوید اور ایڈووکیٹ جمیل فیضی، خواجہ ساجد محمود ایڈووکیٹ، سعدیہ سہیل اور لبنیٰ ملک کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔
نوٹ
یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں) ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔








