ورلڈ بینک نے رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرحِ نمو 3 فیصد رہنے کی پیش گوئی کردی
عالمی بینک کی تازہ رپورٹ
نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمی بینک نے عالمی معاشی امکانات سے متعلق اپنی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کی رواں مالی سال معاشی شرحِ نمو 3 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ عالمی بینک نے جون 2025 کے مقابلے میں پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ کے تخمینے میں 0.1 فیصد کمی کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی محتسب کا ایبٹ آباد کا دورہ، غریب عوام تک انصاف ان کی دہلیز پر پہنچا یا جا رہا ہے: اعجاز احمد قریشی
حکومت کا ترقی کا ہدف
رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے لیے معاشی ترقی کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کر رکھا ہے، تاہم عالمی بینک کے اندازے اس سے کم ہیں۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ مالی سال 2026-27 میں پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ بڑھ کر 3.4 فیصد ہونے کا امکان ہے۔ عالمی بینک کے مطابق حالیہ سیلاب کے بعد زرعی شعبے میں بحالی سے معیشت کو سہارا ملنے کی توقع ہے، جبکہ تعمیر نو کی سرگرمیوں سے بھی معاشی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غذائی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: £190 Million Reference: Hearing Postponed to October 19 at PTI Lawyer’s Request
مانیٹری پالیسی اور برآمدات
اسلام آباد: عالمی بینک کا کہنا ہے کہ شرح سود میں کمی کے باوجود پاکستان کی مانیٹری پالیسی تاحال محتاط ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ امریکی ٹیرف میں اضافے سے پاکستان کی برآمدات متاثر ہو سکتی ہیں، جبکہ تجارتی پابندیوں یا تجارتی پالیسیوں میں غیریقینی صورتحال سے علاقائی معیشتوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ عالمی بینک کے مطابق مالی سال 2026-27 میں درآمدات میں اضافے سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ ترسیلات زر کے معمول پر واپس آنے سے بیرونی مالی دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نجی شعبے کے لیے اصلاحات کے ذریعے روزگار کے مواقع اور معاشی ترقی میں اضافہ ممکن ہے۔
صنعتی سرگرمیاں اور عالمی معیشت
رپورٹ کے مطابق صنعتی شعبے میں سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں اور بینکوں کی جانب سے قرضوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ عالمی بینک نے کہا ہے کہ عالمی معیشت توقع سے زیادہ مستحکم ہے، تاہم مجموعی ترقی کی رفتار سست ہے۔ عالمی بینک کے مطابق 2026 میں عالمی معاشی شرحِ نمو 2.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ 2027 میں یہ بڑھ کر 2.7 فیصد ہو سکتی ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک میں معیارِ زندگی کا فرق مسلسل بڑھ رہا ہے۔








