پنجاب حکومت تمام اداروں میں جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات متعارف کروا رہی ہے : عظمیٰ بخاری
پنجاب حکومت کی جدید اصلاحات
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے کے تمام اداروں میں جدید، ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات متعارف کروا رہی ہے تاکہ عوام کو تیز، شفاف اور مؤثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ موجودہ دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں گورننس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہِ برطانیہ کے قتل کی ناکام کوشش اور بغاوت کی علامت بننے والے سازشیوں کی سزا
تعلیم، صحت، زراعت اور انفراسٹرکچر میں اصلاحات
انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، زراعت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سسٹمز اور اسمارٹ سلوشنز کے ذریعے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت ٹیکنالوجی کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ عوامی خدمات کو جدید اور عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔ زراعت کو ہمیشہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جاتا رہا ہے، تاہم پہلی مرتبہ مریم نواز نے زرعی شعبے میں حقیقی معنوں میں جدت، جدید مشینری، ڈیجیٹل ڈیٹا اور کسان دوست اصلاحات متعارف کروائی ہیں، جس کے مثبت اثرات براہِ راست کسانوں تک پہنچ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: احتجاج اور صہیونی مصنوعات کا بائیکاٹ وقت کی ضرورت ہے: حافظ نعیم الرحمان
پنجاب کی ترقی اور مؤثر طرزِ حکمرانی
انہوں نے کہا کہ آج پنجاب تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں باقی صوبوں سے واضح طور پر آگے جا رہا ہے، جو مریم نواز کے مؤثر طرزِ حکمرانی اور مضبوط انتظامی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ مریم نواز نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک کامیاب ایڈمنسٹریٹر ہیں جو وژن، عمل اور نتائج پر یقین رکھتی ہیں۔ پنجاب میں گڈ گورننس، میرٹ، شفافیت اور ڈیجیٹلائزیشن ایک رول ماڈل بن چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج دیگر صوبے بھی پنجاب کے ترقیاتی ماڈل سے سیکھنے کے خواہش مند ہیں۔
مخالفین کے لیے مشورہ
انہوں نے مخالفین کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی شعبدہ بازی اور منفی سیاست کے بجائے ترقی اور خوشحالی میں پنجاب کا مقابلہ کریں، کیونکہ انتشار اور منفی سیاست کا عوامی فلاح اور ترقی سے کوئی تعلق نہیں۔








