سندھ حکومت کی جانب سے وکلاء کو کروڑ وں روپے ادائیگی کا انکشاف
سندھ حکومت کی جانب سے وکلاء کو ادائیگی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ حکومت کی جانب سے وکلاء کو کروڑوں روپے ادائیگی کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
تفصیلات
پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی جانب سے پرائیویٹ وکلاء کو خدمات کی مد میں 4 کروڑ 47 لاکھ روپے ادائیگی کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ نے پرائیویٹ وکلاء کی خدمات حاصل کرنے پر سوال اٹھا دیئے۔ ایڈووکیٹ جنرل آفس نے بتایا کہ پرائیویٹ وکلاء کی خدمات بطور "ایڈووکیٹ آن ریکارڈ" حاصل کی گئیں۔
آڈیٹر جنرل کی رپورٹ
"جنگ" کے مطابق آڈیٹر جنرل نے رپورٹ میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے 2017 میں پرائیویٹ وکلاء کی خدمات حاصل کرنے سے منع کیا تھا۔ محکمہ قانون، پارلیمانی افیئر اور کریمنل پراسیکیوشن کے مالی سال 2022-23 کے آڈٹ کے دوران ادائیگی کا انکشاف ہوا۔ پراسیکیوٹر جنرل آفس کے تحت پرائیویٹ وکلاء کو خدمات کے عوض 36.8 ملین روپے کی ادائیگی کی گئی۔ ادائیگی مالی سال 2021-22 اور 2022-23 کے دوران کی گئی۔ ایڈووکیٹ جنرل آفس کے تحت مالی سال 2022-23 کے دوران 7.8 ملین روپے کی ادائیگی کی گئی۔ وکلاء سے متعلق معلومات، پرفارمنس یا کیس سے متعلق معلومات بھی دستیاب نہیں ہیں۔