سرگودھا، ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او عامر رضوان شہید
سرگودھا میں پولیس اہلکار کی شہادت
سرگودھا (ڈیلی پاکستان آن لائن) کوٹ مومن کے علاقے میں ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او عامر رضوان شہید ہوگئے۔
ایس ایچ او کی ہمت
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ لکسیاں سرگودھا سب انسپکٹر عامر رضوان نے ہوائی فائرنگ کی کال پر نفری کے ہمراہ فوری ریسپانڈ کیا تھا۔ پولیس کی ٹیم نے ایس ایچ او سب انسپکٹر عامر رضوان کی قیادت میں کوٹ مومن کے علاقے میں ہوائی فائرنگ کرنے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیا۔
واقعے کی شدت
بے باک ملزمان کی فائرنگ سے سرگودھا پولیس کے ایس ایچ او سب انسپکٹر عامر رضوان شدید زخمی ہو گئے، جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ سب انسپکٹر عامر رضوان کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
پولیس کا ردعمل
پنجاب پولیس کی ٹیمیں ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کوٹ مومن میں پولیس اہلکار کے شہید ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔








