اڈیالہ جیل پنجاب حکومت کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، وفاقی حکومت کا اس پر کوئی کنٹرول نہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کے معاملے پر وفاقی حکومت کا مؤقف
حکومت کا مؤقف
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کے معاملے پر وفاقی حکومت کا مؤقف سامنے آ گیا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ اڈیالہ جیل پنجاب حکومت کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، یہ معاملہ عدالت اور جیل اتھارٹی کے درمیان ہے، وفاقی حکومت کا اس پر کوئی کنٹرول نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج (ہفتے) کا دن کیسا رہے گا؟
سینیٹ اجلاس کی تفصیلات
سینیٹ اجلاس کی صدارت شیری رحمان نے کی، جہاں نو منتخب سینیٹر عابد شیر علی نے حلف اٹھایا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کا معاملہ اٹھایا اور عدالتی احکامات پر عمل نہ ہونے پر سوالات اٹھائے۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل پنجاب حکومت کے دائرہ اختیار میں ہے اور اس حوالے سے سپرنٹنڈنٹ جیل کی رپورٹ اسپیکر آفس میں جمع کرائی جا چکی ہے۔ یہ معاملہ عدالت اور جیل انتظامیہ کے درمیان ہے۔ وفاقی حکومت اس میں مداخلت نہیں کر سکتی۔
انٹرنیٹ سروسز اور سینیٹرز کے تحفظات
اجلاس میں کئی ارکان نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست روی، ٹیلی کام کمپنیوں اور پی ٹی اے کے کردار پر سوالات اٹھائے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے ایوان کو یقین دلایا کہ اراکین کے تحفظات دور کیے جائیں گے، تاہم پریذائیڈنگ افسر نے انٹرنیٹ سروسز سے متعلق معاملہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ سینیٹر فلک ناز کی جانب سے بچوں میں سوشل میڈیا ایپس کے حد سے زیادہ اور بغیر نگرانی استعمال پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا۔ سینیٹ کا اجلاس پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔








