امریکہ نے عین الاسد ایئر بیس خالی کردی، عراقی افواج نے کنٹرول سنبھال لیا
عراق میں امریکی افواج کا انخلا
بغداد (ڈیلی پاکستان آن لائن) عراق کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ امریکی افواج نے مغربی عراق میں واقع عین الاسد ایئر بیس سے مکمل طور پر انخلا کر لیا ہے، جس کے بعد عراقی فوج نے اس اہم فضائی اڈے کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ وزارتِ دفاع کے مطابق یہ اڈہ طویل عرصے سے امریکا کی قیادت میں قائم اتحاد کی افواج کے زیرِ استعمال تھا، تاہم اب تمام عسکری اور انتظامی اختیارات عراقی فورسز کے پاس منتقل ہو چکے ہیں۔
عراق کی خودمختاری کا نیا باب
روئٹرز کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ یہ پیش رفت عراق کی خودمختاری اور سکیورٹی کنٹرول کے عمل کا حصہ ہے۔ یاد رہے کہ 2024 میں واشنگٹن اور بغداد کے درمیان ایک مفاہمت طے پائی تھی، جس کے تحت عراق سے امریکا کی قیادت میں موجود اتحادی افواج کے مرحلہ وار انخلا کے منصوبے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ عین الاسد ایئر بیس سے امریکی افواج کا انخلا اسی سمجھوتے کے تحت عمل میں آیا ہے۔








