میں اپنی بیٹی سے ڈرتی ہوں، وہ مجھے واپس تھپڑ بھی مار دے گی، بھارتی اداکارہ رانی مکھرجی
رانی مکھرجی کی بیٹی کی پرورش پر گفتگو
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے اپنی 10 سالہ بیٹی ادیرا چوپڑا کی پرورش کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ پوڈکاسٹ کے دوران رانی مکھرجی نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ "میری بیٹی جنریشن الفا سے تعلق رکھتی ہے، وہ نہ صرف مجھے جواب دیتی ہے بلکہ اپنی بات منوانا بھی جانتی ہے۔"
بیٹی سے خوفزدہ ہونے کا اعتراف
اداکارہ نے مزید کہا کہ "میں اپنی بیٹی سے ڈرتی ہوں، وہ مجھے واپس تھپڑ بھی مار دے گی اور جب میری بات کا جواب دیتی ہے تو مجھے اُسے سننا بھی پڑتا ہے، اس کا رویہ میرے بچپن سے بالکل مختلف ہے۔" انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کے بچوں کی پرورش میں سختی کے بجائے بات چیت اور سمجھ بوجھ زیادہ ضروری ہوگئی ہے۔
ادیرا کی پسند اور ناپسند
رانی مکھرجی نے کہا کہ "بیٹی ادیرا 10 سال کی ہے، اُس نے اب تک میری تمام فلمیں نہیں دیکھی ہیں کیونکہ اسے اسکرین پر اپنی روتی ہوئی ماں کو دیکھنا اچھا نہیں لگتا ہے۔" اُن کا کہنا تھا کہ بیٹی کو میری خوش اور ناچنے گانے والی فلمیں پسند ہیں، وہ میرا میک اپ بغیر میک اپ کا فرق بھی فوراً پہچان لیتی ہے۔
ذاتی زندگی کی حفاظت
یاد رہے کہ رانی مکھرجی اور آدیتہ چوپڑا نے 2014ء میں شادی کی تھی اور اُن کی بیٹی ادیرا 2015ء میں پیدا ہوئی۔ یہ جوڑا اپنی ذاتی زندگی کو ہمیشہ میڈیا سے دور رکھتا ہے۔ بالی ووڈ اداکارہ پیشہ ورانہ محاذ پر اپنی نئی فلم مردانی 3 کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو 2026ء میں ریلیز ہوگی۔








