وزیر تجارت جام کمال سے چینی سفیر کی ملاقات
وفاقی وزیرِ تجارت کی چینی سفیر سے ملاقات
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے چین کے سفیرِ جیانگ ژائی ڈونگ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات پاکستان چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کے موقع پر ہوئی، جس میں دونوں ممالک کی جانب سے اقتصادی روابط کے استحکام اور توسیع کو سٹریٹجک ترجیح قرار دیا گیا۔ وفاقی وزیر تجارت کی قیادت میں پاکستانی وفد میں سیکرٹری تجارت، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے بیشتر حصے سخت گرمی کی لپیٹ میں مگر کہاں پارا 51 ڈگری تک جا پہنچا؟ جانیے
پاکستان کے برآمدات کے فروغ کا عزم
’’اے پی پی‘‘ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت نے چینی سفیر کو خوش آمدید کہا اور پاکستان کے برآمدات بڑھانے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برآمدات کے فروغ کے لیے کثیرالجہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، جس میں حکومت سے حکومت (G2G) تعاون اور کاروبار سے کاروبار (B2B) روابط کو بروئے کار لاتے ہوئے تجارت میں تیزی پیدا کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اس کا مقصد دونوں ’’ہمہ موسم دوست‘‘ ممالک کی اقتصادی شراکت داری کو مزید گہرا کرنا ہے۔ اس ملاقات میں زرعی مصنوعات کے شعبے میں دو طرفہ تجارت بڑھانے کے لیے ٹھوس مواقع پر جامع گفتگو ہوئی۔
تجارتی صورتحال کا جائزہ
فریقین نے موجودہ تجارتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور توسیع کے ممکنہ راستوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ چینی سفیر نے مضبوط زرعی تجارت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے چین کے موجودہ درآمدی ضابطہ جاتی فریم ورک کا بھی جائزہ پیش کیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مثبت پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے باہمی رابطہ اور مکالمہ جاری رکھا جائے گا۔








