شاہدرہ میں خوفناک حادثہ، سکول کے بچوں سے بھرا رکشہ اور ویگن نالے میں جا گریں
افسوسناک ٹریفک حادثہ
لاہور (زین بابو) شاہدرہ میں برکت ٹاؤن نہر کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں اچانک بریک فیل ہونے کے باعث ایک ویگن سکول کے بچوں سے بھرے رکشے سے جا ٹکرائی۔ ٹکر کے نتیجے میں ویگن اور رکشہ دونوں بے قابو ہو کر نالے میں جا گرے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آئینی ترمیم سے جسٹس منصور کا راستہ رُکا ، رانا ثنا اللہ کا اعتراف
پولیس کی بروقت کارروائی
حادثے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ شاہدرہ ٹاؤن کے ایس ایچ او انسپکٹر رانا وقاص اشرف فوری طور پر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ ایس ایچ او رانا وقاص اشرف نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی اور عملی طور پر ریسکیو میں حصہ لیتے ہوئے متاثرہ افراد کو نالے سے نکالنے میں مدد فراہم کی۔
یہ بھی پڑھیں: بین الاقوامی قابل تجدید توانائی ایجنسی (IRENA) کا ابو ظہبی میں اجلاس، رومینہ خورشید عالم نے پاکستان کا قومی بیان پیش کیا
عینی شاہدین کی گواہی
عینی شاہدین کے مطابق پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث قیمتی جانوں کو بچانے میں مدد ملی، جبکہ ایس ایچ او شاہدرہ ٹاؤن کی قیادت اور فوری فیصلوں کو علاقہ مکینوں نے سراہا۔ بعد ازاں ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بھی موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن کو مکمل کیا۔
تحقیقات اور ٹریفک کی بحالی
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔








