میرپورخاص، کم عمر بچوں اور طالب علم میں ویپ کا نشہ عام ہونے لگا
میرپورخاص میں ویپ کا نشہ
میرپورخاص (بیورو چیف) میں کم عمر بچوں اور طالب علموں میں ویپ کا نشہ عام ہونے لگا ہے۔ شہر کے چائے ڈھابوں اور ہوٹلوں میں کم عمر بچے سرعام الیکٹرک سگریٹ پیتے دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی جوہری تنصیبات سے متعلق ہزاروں حساس دستاویزات ایران کے ہاتھ لگ گئیں
تفصیلات
شہر میں کم عمر بچوں اور طالب علموں میں ویپ الیکٹرک سگریٹ پینے کا نشہ عام ہو رہا ہے۔ رات دیر تک کھلنے والے چائے ڈھابوں اور ہوٹلوں کے علاوہ اسکول اور کالجز میں بچے کھلے عام ویپ کا نشہ کرتے ہوئے نظر آتے ہیں، جس کی وجہ سے والدین میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے۔ یہ ایک لمحہ فکریہ ہے کہ کم عمر بچوں اور طالب علموں میں ویپ کا نشہ بڑھ رہا ہے۔ مختلف ذائقے کے ساتھ فروخت ہونے والا ویپ ٹین ایجرز کو اپنی طرف مائل کر رہا ہے، جس سے ان کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں، جن میں دل کے امراض، پھیپڑوں کا کینسر اور ذہنی کمزوری شامل ہیں۔
والدین اور سماجی حلقوں کی تشویش
بچوں کے والدین، سماجی، سیاسی اور مذہبی حلقوں نے بچوں میں ویپ اور دیگر منشیات کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر نشوں کے ساتھ ویپ کے نشے پر بھی فوری پابندی عائد کی جائے۔ علاوہ ازیں، چائے کے ڈھابوں اور ہوٹلوں کی سخت نگرانی کی جائے اور کم عمر بچوں کو نشہ فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔








