نوجوانوں کو صرف طالبعلم نہیں مفکر، موجد اور ذمہ دار شہری کے طور پر بھی تسلیم کیا جائے: صدر کا عالمی یومِ تعلیم پر پیغام
صدر زرداری کا پیغام برائے عالمی یومِ تعلیم
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل براہِ راست اس کی نوجوان نسل سے جڑا ہوا ہے، اعلیٰ تعلیم تک رسائی، مستحق طلباء کی امداد اور ٹیکنالوجی تک بہتر رسائی جیسے اقدامات نوجوانوں کو عملی معیشت میں اپنا کردار ادا کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے امور قانون سازی و نجکاری کا اہم اجلاس، 20 سفارشات پر بحث
تعلیمی نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت
ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر پاکستان کے عوام خاص طور پر طلباء، اساتذہ، والدین، سکالرز اور تعلیم کے فروغ سے منسلک تمام افراد کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس سال کا موضوع "تعلیم کی تخلیق میں نوجوانوں کی طاقت" اس بات پر زور دیتا ہے کہ نوجوانوں کو صرف طالب علم نہیں بلکہ مفکر، موجد اور ذمہ دار شہری کے طور پر بھی تسلیم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سبی میں تھانے کے قریب دستی بم حملہ
نوجوانوں کی تعلیم اور کردار
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل براہِ راست اس کی نوجوان نسل سے جڑا ہوا ہے، ہمارے ملک کی ثقافتی وراثت وسیع ہے اور نوجوان آبادی زیادہ ہے، اس لئے ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ تعلیم نوجوانوں میں نہ صرف تجسس، قابلیت اور کردار کو پروان چڑھائے بلکہ یہ ان کو تنقیدی سوچ، اخلاقی عمل اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بھی بنائے۔ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے تحت مفت اور لازمی تعلیم کی ضمانت اس بنیادی حق کے لئے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کمیٹیاں نہ بھر پانے پر بیروزگار باپ نے دو کمسن بیٹیاں ذبح کر ڈالیں۔
تعلیم کی تطبیق اور ترقی
انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے اور باہمی رابطوں پر مبنی عالمی منظرنامے میں تعلیم کو عملی مہارتوں، جدید علوم، اخلاقی اقدار اور تنوع کے احترام کو یکجا کرنا چاہیے۔ اعلیٰ تعلیم کو بہتر بنانے، تحقیق اور ایجاد کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل تعلیم میں اضافے کی کوششیں اس بدلتی ہوئی سوچ کی عکاسی کرتی ہیں۔ تکنیکی اور پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت نوجوانوں کو قابلِ روزگار مہارتوں سے آراستہ کرنے اور محنت کی عظمت کو باور کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے ایرانی حکومت کے اندرونی سیکیورٹی ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا، اسرائیلی وزیر دفاع کا دعویٰ
نوجوانوں کے لیے مواقع کی فراہمی
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مہارتوں کے فروغ کے لئے کئے جانے والے قومی اقدامات نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے استفادہ کے لئے تیار کررہے ہیں اور تربیت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں روزگار، کاروبار اور عالمی سطح پر شمولیت کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ خواتین، مدارس کے طلباء اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں تک مواقع بڑھانے والے اقدامات سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں اور ترقی کے ثمرات کو یکساں طور پر تمام افراد تک پہنچاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین کے اعلیٰ عہدیدار کی ٹرمپ سے بات چیت کی کوشش، لیکن کس معاملے پر؟ بڑا دعویٰ
تعلیمی ترقی کے لیے اجتماعی کوششیں
صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم اس وقت پروان چڑھتی ہے جب خاندان، معاشرہ، اساتذہ، ادارے اور نجی شعبہ مل کر کام کرتے ہیں اور جب طلباء خود اپنے علمی ماحول کو سنوارنے میں حقیقی طور پر شامل ہوں۔ آج کے دن، میں تمام متعلقہ افراد اور اداروں سے یہ امید رکھتا ہوں کہ وہ تعلیم کو قومی ترجیح کے طور پر تسلیم کریں گے اور اپنے نوجوانوں کو ایک ہنر مند، روشن خیال اور مضبوط پاکستان کی تعمیر میں شراکت دار بنائیں گے۔
آنے والی نسلوں کے لیے دعا
صدر مملکت نے دعا کی کہ ہماری اجتماعی کوششیں آنے والی نسلوں کےلئے امن، ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہوں۔








