سندھ میں محکمہ خوراک کے گودام سے کروڑوں روپے مالیت کی گندم غائب ہونے کا انکشاف
کراچی میں گندم کی غیر قانونی خردبرد کا انکشاف
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) جامشورو کے علاقے بھولاری میں محکمہ خوراک کے گودام سے کروڑوں روپے مالیت کی گندم غائب ہونے کا سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے۔ محکمہ خوراک نے معاملے کی تحقیقات کے لیے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو باضابطہ طور پر سفارش کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سخت فیصلوں سے معاشی بحالی ہوئی، غلطیاں نہ دہرائی جائیں، گورنر سٹیٹ بینک
معاملے کی تفصیلات
سما ٹی وی کے مطابق، ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم کی خردبرد کا انکشاف سیکریٹری محکمہ خوراک کی زیر صدارت اجلاس کے دوران ہوا۔ جہاں پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ نو جنوری کو 64 ہزار 483 گندم کے تھیلوں کی خردبرد کی نشاندہی کی گئی۔ غائب ہونے والی گندم کی مجموعی مالیت 64 کروڑ 48 لاکھ 35 ہزار روپے بنتی ہے۔ 18 جنوری کو صوبے بھر کے 66 گوداموں میں سے 52 گوداموں کی جانچ کی گئی، جس کے دوران بھولاری گودام سے گندم غائب ہونے کی تصدیق ہوئی۔
سخت کارروائی کا عندیہ
رپورٹ میں خردبرد میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ ادھر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے رپورٹ کی روشنی میں رات گئے کارروائی کرتے ہوئے فوڈ انسپکٹر اللہ ڈنو کو گرفتار کر لیا ہے۔








