گولیوں کے چلنے کی آوازیں آتیں، بے سروسامانی کے جِن نے کان میں پھونک ماری ’’ارے پگلے تو بھی آگے بڑھ کر سامان سمیٹ تیرا بھی حصّہ بنتا ہے‘‘

مصنف: ع غ جانباز

پانی کی واری

بہرحال ہم پانی کی ”واری“ آنے پر کسّی پکڑ کر کھیتوں کو پانی لگانے کے لیے وہاں پہنچ گئے۔ ہم نے پانی کا بند کسّی سے توڑ کر کھیتوں کی طرف پانی کا بہاؤ کردیا۔ اور پانی پروگرام کے مطابق ایک کھیت کو سیراب کرنے لگا۔

دوسرا مرحلہ

اب دوسرا مرحلہ یہ تھا کہ اُدھر سے پانی بند کر کے دوسرے ”کھالے“ سے پانی دوسرے کھیتوں کی طرف لے جانا تھا۔ ناتجربہ کاری کی وجہ سے ہم کافی دیر تک اس تگ و دو میں لگے رہے کہ کس طرح یہ کام کر پائیں لیکن وائے ناکامی…… ناکام و نامراد ہو کر اِدھر اُدھر بھاگے دوڑے اور ایک زمیندار کی منت سماجت کر کے لے آئے جس نے ہماری مدد کی اور سمجھایا کہ کسی ماہر آدمی کو ساتھ رکھو ورنہ یہ کام تمہارے بس کا نہیں ……

عبد الرحمن کے بھائی

دراصل عبد الرحمن کے 2بھائی فتح محمد اور محمد شفیع جو بنیادی طور پر اس پیشہ سے منسلک تھے وہ جلد بس یا ریل سے پاکستان نہ پہنچ سکے بلکہ اپنی بیل گاڑی میں سامان لادے…… ایک قافلے کی صورت میں کافی لمبا سفر کر کے کوئی ایک ماہ بعد پاکستان پہنچے۔ اس دوران جو مصائب اُن کو برداشت کرنے پڑے اُن کا تفصیلی بیان ایک دوسری جگہ پر ملے گا۔

فیصل آباد کا سفر

جیسا کہ میں پہلے بیان کرچکا ہوں کہ ہری مرچوں کو کھیتوں سے تلاش کرکے لانا اور روٹیوں پر اُن کو رگڑ کر رول بنا کر روز مرّہ کھانا دو تین ماہ چلتا رہا۔ آخر ایک دن یہ ارادہ کیا کہ کیوں نہ شہر فیصل آباد کو جائیں اور وہاں سے کوئی دال وغیرہ اور کوئی ہنڈیا لائیں اور سالن کی تیاری شروع کی جائے۔ چنانچہ ایک دن میں اور عبد الرحمن ہم پیدل چلتے محلہ طارق آباد فیصل آباد جا پہنچے۔

عجیب منظر

جو ہمارے گاؤں سے کوئی 8 کلو میٹر ہوگا۔ وہاں پہنچ کر کچھ عجیب سا منظر محسوس ہوا۔ کبھی کوئی شور اُٹھتا۔ کبھی گولیوں کے چلنے کی آوازیں آتیں، خاموشی چھا جاتی، اس ساری صورتِ حال سے آگاہی کے لیے ہم آہستہ آہستہ مین روڈ کی طرف بڑھتے گئے۔

قافلہ کی گزرگاہ

کیا دیکھتے ہیں کہ وہاں ایک سکھوں، ہندوؤں کا قافلہ گذر رہا ہے جو انڈیا نقل مکانی کرنے جا رہے ہیں۔ یہ قافلہ زیادہ تر بیل گاڑیوں پر مشتمل تھا۔ میرا ساتھی عبد الرحمن تو پہلے ہی راستہ میں ایک طرف بیٹھ گیا کہنے لگا میں تو آگے نہیں جاؤں گا آپ نے جانا ہے تو جاؤ۔

فوجی نگرانی

تو ہو یہ رہا تھا کہ جو قافلہ گزر رہا تھا اُس کے ساتھ مسلّح انڈین فوجی نگرانی پر مامور تھے اور وہ کبھی آگے اور کبھی پیچھے کی طرف حرکت کرتے تھے اور جب کوئی خطرہ محسوس کرتے تھے تو ہوائی فائرنگ کرتے تھے تاکہ دہشت پڑی رہے۔

نوجوانوں کی حوصلہ افزائی

لیکن کارِ خیر کرنے والے کب چُوکتے ہیں؟ فوجیوں کے آگے پیچھے گزرنے کے دوران جو وقفہ آتا تھا اس میں دس پندرہ نوجوان دو تین بیل گاڑیوں کو زبردستی گلی میں موڑ لیتے۔ اس میں سوار جو لوگ بھاگ جاتے وہ بچ جاتے۔ باقی رہا سامان جو بیل گاڑی میں ہوتا تھا اُس پر پل پڑتے اور آنکھ جھپکنے میں گاڑی خالی نظر آتی۔

خالی بیل گاڑی

اپنی بے سروسامانی کے جِن نے میرے کان میں پھونک ماری۔ ارے پگلے تو بھی آگے بڑھ کر سامان سمیٹ، تیرا بھی حصّہ بنتا ہے۔ شاباش آگے بڑھ…… اور آگے اور آگے…… میں ایک بیل گاڑی جو سامان سے لدی ہوئی تھی اُس کی طرف لپکا اور بڑی سُرعت کے ساتھ اُس کی (پنجلی) پر پاؤں رکھ کر بیل گاڑی کے سامان میں کچھ قابو کرنے کی سعی کی تو میری حیرانی کی انتہا نہ رہی کہ سب سامان کڑیل نوجوان لے جا چکے تھے اور گاڑی ایک ویرانی کا منظر پیش کر رہی تھی۔

بھاگتے چور کی لنگوٹی

لیکن پھر آخر پڑھا لکھا تھا ایک محاورہ یاد آگیا ”بھاگتے چور کی لنگوٹی ہی سہی“ بیل گاڑی میں کسی ایک غیر مسلم کی خاکی نیکر اور ایک ”برچھا“ پڑا ہوا تھا وہی اٹھا کر چلتا بنا اور عبد الرحمن کو لے کر واپس گاؤں کی طرف چل دئیے۔

ریلوے لائن کا سفر

ابھی چند قدم ہی گئے تھے کہ ایک خالی بیل گاڑی کے ساتھ 3 بیل بندھے ہوئے تھے۔ بڑی کوشش سے اُن کی گانٹھوں کو کھولا اور تینوں بیلوں کو لے کر برچھا کندے پر رکھ کر اور نیکر دوسرے کندھے پر ڈالے چل دئیے۔ محلہ سے آگے نکل کر ریلوے لائن کے ساتھ چلتے گئے۔ (جاری ہے)

نوٹ

یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں) ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

Related Articles

Back to top button
Doctors Team
Last active less than 5 minutes ago
Vasily
Vasily
Eugene
Eugene
Julia
Julia
Send us a message. We will reply as soon as we can!
Mehwish Hiyat Pakistani Doctor
Mehwish Sabir Pakistani Doctor
Ali Hamza Pakistani Doctor
Maryam Pakistani Doctor
Doctors Team
Online
Mehwish Hiyat Pakistani Doctor
Dr. Mehwish Hiyat
Online
Today
08:45

اپنا پورا سوال انٹر کر کے سبمٹ کریں۔ دستیاب ڈاکٹر آپ کو 1-2 منٹ میں جواب دے گا۔

Bot

We use provided personal data for support purposes only

chat with a doctor
Type a message here...