پاکستان کے ہر چار میں سے ایک ضلع میں بے روزگاری کی شرح 20 فیصد سے زائد ہے، تجزیاتی رپورٹ
پاکستان میں بے روزگاری کی تشخیص
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان کے ہر چار میں سے ایک ضلع میں بے روزگاری کی شرح 20 فیصد سے زائد ہے۔ یہ بات پاپولیشن کونسل کے اعدادوشمار پر فافن کی جانب سے جاری تجزیاتی رپورٹ میں کہی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: 30 لاکھ کی ڈکیتی، استانی گینگ سمیت گرفتار
بے روزگاری کے اعدادوشمار
رپورٹ کے مطابق ملک کے مجموعی طورپر 129 اضلاع میں سے 36 اضلاع شدید بیروزگاری کا شکار ہیں۔ بلوچستان کا ضلع پنجگور 36 فیصد بے روزگاری کے ساتھ ملک میں سرفہرست ہے، جبکہ سب سے کم بے روزگاری کا تناسب کراچی سنٹرل میں صرف 6 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فافن رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے 31 اضلاع میں بے روزگاری کی شرح 12.5 فیصد سے 35.9 فیصد کے درمیان ہے۔
صوبائی تجزیے
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ بلوچستان کا کوئی بھی ضلع ایسا نہیں جہاں بے روزگاری 10 فیصد سے کم ہو۔ پنجاب کے کسی بھی ضلع میں بے روزگاری کی شرح 20 فیصد سے تجاوز نہیں کرتی، پنجاب میں گجرات سب سے کم بے روزگاری والا ضلع ہے جہاں یہ شرح 6.8 فیصد ہے، جبکہ مظفرگڑھ میں بے روزگار افراد کا تناسب 17.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔








