صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت اہم اجلاس، نئے سوشل ویلفیئر منصوبوں کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سوشل ویلفیئر منصوبوں میں تیزی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں سوشل ویلفیئر کے منصوبوں میں تیزی لانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ڈی جی سوشل ویلفیئر طارق قریشی اور صوبے بھر سے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں مذہبی مقامات کی ترقی و بحالی حکومتی سرپرستی میں یقینی بنائی جائے گی، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی
اجلاس میں زیر غور ترقیاتی اور فلاحی منصوبے
اجلاس میں لاہور، ملتان، راولپنڈی، ڈی جی خان سمیت تمام ڈویژنز میں جاری ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فلاحی اداروں کے بجٹ، محکمانہ امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر جامع مشاورت کی گئی، جبکہ عوامی فلاح کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔
یہ بھی پڑھیں: پہلگام واقعہ کی کوئی انکوائری نہیں اور منٹوں میں پاکستان پر الزام لگا دیا: عقیل ملک
نئے منصوبوں کا آغاز
اجلاس میں ضلع ننکانہ صاحب میں سوشل ویلفیئر کمپلیکس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف اضلاع میں ڈپٹی ڈائریکٹرز کے دفاتر کی تعمیر، پاکپتن میں صنعت زار کی بلڈنگ اور گوجرانوالہ میں چلڈرن ہوم کے قیام کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ ہسپتالوں میں قائم میڈیکل سوشل سروسز یونٹس کے ہیلپ ڈیسک کو مزید بہتر بنانے پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: مارکیٹ بیس بھرتیاں، خیبرپختونخوا میں تنخواہوں کے سلیب کی پالیسی منظور، کن لوگوں کو 9 لاکھ روپے تک تنخواہ ملے گی؟ نئی پالیسی جاری
اداروں کی بہتری کے لیے تجاویز
مزید برآں، نئے فلاحی اداروں اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے نئے دفاتر کے قیام پر بھی مشاورت کی گئی جبکہ ڈائریکٹوریٹ اور مختلف ڈویژنز سے آئے افسران نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے اجلاس کے دوران افسران کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔
صوبائی وزیر کا عزم
اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوامی فلاح کے لیے پوری طرح متحرک ہے۔ فلاحی اداروں میں مقیم افراد کی سہولت، آرام اور بہتر نگہداشت حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ نئی فلاحی سکیموں اور پراجیکٹس کا آغاز بھی محکمے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سوشل ویلفیئر کے منصوبوں کے ذریعے معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا حکومت پنجاب کا عزم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔








