ہمارے حکم پر عملدرآمد کرنے والے چیئرمین کو ہٹا دیاگیا، ذمہ داروں کو بتادیں، ہم کارروائی کریں گے؛ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے کیس میں ریمارکس
اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے این ایچ اے میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتیوں کا ریکارڈ 15 روز میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکم پر عملدرآمد کرنے والے چیئرمین کو ہٹا دیا گیا، اس افسر کی تعیناتی کرنے والوں کو ہمارا حکم ناگوار گزرا اور اسے ہٹا کر نیا لگا دیا۔ ذمہ داروں کو بتا دیں، ہم کارروائی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں موجود آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کے ہوٹل میں ڈنر کے دوران چوہے کی انٹری، ویڈیو وائرل
کیس کی سماعت
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ڈیپوٹیشن افسران کی تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے سماعت کی۔ عدالت نے این ایچ اے کو تعیناتی پلان حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت کی اور این ایچ اے میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتیوں کا ریکارڈ 15 روز میں جمع کرانے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں: میں مزید ٹرافیز جیتنا چاہتا ہوں اور اگر انجری نہ ہوئی تو ایک ہزار گول ضرور کروں گا، فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو
عدم تعمیل اور برہمی کا اظہار
عدالتی حکم کی عدم تعمیل پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے این ایچ اے حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ستمبر میں جاری حکم پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا؟ اقربا پروری بڑھ رہی ہے، من پسند تعیناتیاں ہو رہی ہیں۔ لوگ منافع دیکھ کر تعیناتیاں اور فیصلے کر رہے ہیں۔
اداروں میں کرپشن کا بڑھتا ہوا مسئلہ
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ذمہ داروں کو بتا دیں، ہم کارروائی کریں گے۔ اداروں میں اسی طرح کرپشن بڑھتی ہے، ایسے ادارے کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں۔ عدالت نے ہدایات کے ساتھ کیس 2 ہفتے کیلئے ملتوی کر دیا۔








