پنجاب میں مون سون ہنگامی پلان پر عملدرآمد شروع، ہر فرد کی جان قیمتی ہے، تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے: وزیر اعلیٰ مریم نواز

مون سون ہنگامی پلان 2025 کا آغاز
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر پنجاب بھرمیں مون سون ہنگامی پلان 2025 پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ کو پنجاب مون سون ہنگامی پلان 2025 پر عملدرآمد کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ پیش کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے حکم پر ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر قائم کردیا گیا ہے جو 7/24 گھنٹے فعال رہے گا۔ صوبہ بھر میں برساتی نالوں کی بھرپور صفائی، بارش کے پانی کے بہاؤ کے راستے کلیئر ہونے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای کیساتھ تعلقات پر فخر، مزید وسعت دینے کیلئے پر عزم ہیں: محسن نقوی
پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن کا قیام
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے کی خصوصی ہیلپ لائن 1129 مکمل طور پر فعال کردی گئی ہے، صوبہ بھر میں کہیں سے بھی رابطہ ممکن ہو سکے گا۔ پی ڈی ایم اے نے حادثات اور نقصانات سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز جاری کر دئیے ہیں۔ ایس او پی کے تحت طغیانی کے پیش نظر نوجوانوں خاص طورپر بچوں کے نہروں میں نہانے پر پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور والدین سے بچوں کو برساتی نالوں میں نہانے اور قریب جانے سے روکنے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی برادری کے فورمز پر بھارت کے ’’آبی روئیے‘‘ کو چیلنج کرنا ہوگا، ہم سمجھوتہ نہیں کریں گے: شیری رحمان
بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر انتظامیہ اور دیگر اداروں کو متعلقہ علاقوں میں بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی کی ہدایت کی گئی ہے۔ بوسیدہ گھروں کے مکینوں سے احتیاطاً محفوظ مقامات پر منتقلی کی اپیل کی گئی ہے۔ عوام کو بارشوں کے دوران برقی آلات، زمین پر گرے تار اور کھمبوں کو چھونے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کو چھتوں کی صفائی بالخصوص بارش کے بعد بروقت نکاسیٔ آب کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لڈو کھیلتے ہوئے جھگڑا، 10 سالہ بچے نے دوست کی جان لے لی
ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر
ایس او پیز میں مزید کہا گیا ہے کہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کیا جائے۔ اسی طرح اربن فلڈنگ سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام ڈپٹی کمشنروں، اسسٹنٹ کمشنروں، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو ہمہ وقت تیار اور مستعد رہنے کا حکم دیا ہے۔
عوام کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری
وزیراعلیٰ مریم نواز نے برسات کے دوران عوام کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل کی اور کہا کہ عوام کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، اپنا فرض ضرور نبھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اپیل کی کہ مون سون کے دوران عوام حادثات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ضرور کریں۔ ہر فرد کی جان قیمتی ہے اور ہم تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔