پنجاب حکومت نے سموگ سے بچاؤ اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلیے پلان اے، بی، سی تیار کر لیا

پنجاب حکومت کا سموگ سے بچاؤ کا منصوبہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب حکومت نے سموگ سے بچاؤ اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پلان اے، بی، سی تیار کر لیا ہے۔ آج فضائی معیار معتدل رہے گا، عوام روزمرہ کے کام انجام دے سکتے ہیں۔ پنجاب کے موسمیاتی پیشگوئی کے جدید نظام نے آج (بدھ) دن کے لیے ڈیٹا جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرین کے لیے آغازِ سحر کمیونٹی کی جانب سے روزگار کے سامان کی فراہمی، ویڈیو
آج کے فضائی معیار کی پیشگوئی
تفصیلات کے مطابق آج شام 5 بجے تک فضائی معیار 120 سے 145 رہنے کا امکان ہے، جبکہ رات ساڑھے گیارہ بجے تک فضائی معیار 140 سے 165 رہنے کے امکانات ہیں۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کی سطح رات اور صبح کے وقت درجۂ حرارت میں تبدیلی کی وجہ سے سب سے زیادہ دیکھنے میں آئی۔ ایئر کوالٹی انڈیکس دوپہر کے وقت سب سے کم ہوتا ہے۔ صبح 7 سے 9 بجے کے درمیان ٹریفک کے رش کی وجہ سے فضائی آلودگی میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، شام 5 بجے سے رات 9 بجے تک مسلسل اضافہ بھی ٹریفک کے اثر کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جیل ریفارمز جاری، سپرنٹنڈنٹ جیل یا کوئی افسر ضابطے کے برخلاف کسی قیدی کو سزا نہیں دے سکے گا
شہریوں کے لیے معلوماتی خبرنامہ
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہریوں کے لیے معلوماتی خبرنامے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے پر روز موسم کی تازہ ترین صورتحال پر مختصر خبرنامہ جاری کرے گا۔ پنجاب بھر میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور سموگ سے بچاؤ کا بڑا انتظامی آپریشن جاری ہے۔
سموگ سے بچاؤ کے اقدامات
پنجاب حکومت نے سموگ سے بچاؤ اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پلان اے، بی، سی بھی تیار کر لیا ہے۔ پنجاب حکومت کے تمام ادارے گزشتہ برس کی ایس او پیز کو یقینی بنا رہے ہیں۔ سموگ سے بچاؤ کے لیے لاہور میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی پڑتال کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کی فورس پورے پنجاب میں متحرک کر دی گئی ہے۔ اب تک کی صورتحال قابو میں ہے، احتیاط اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ضروری ہے۔