لاہور، شہری کو زنجیروں سے باندھنے کے واقعہ پر آئی جی پنجاب کا نوٹس، افسران معطل
پولیس چوکی پر شہری کو زنجیروں سے باندھنے کا واقعہ
لاہور(آئی این پی) لاہور کے علاقے کاہنہ میں پولیس چوکی لکھوکی پر ایک شہری کو زنجیروں سے باندھ کر رکھنے کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے، جس کے بعد آئی جی پنجاب عبدالکریم نے فوری کارروائی کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سکالر شپ پروگرام،وزیراعلیٰ مریم نواز دوسرے فیزکا آغاز کریں گی،کتنی عمر کے طلباء اہل ہونگے ؟ جانیے
حکام کی تعیناتی اور معطلی
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب کے حکم پر اے ایس پی آپریشنز کاہنہ، آغا فصیح الرحمان کو تبدیل کرکے سنٹرل پولیس آفس میں بند کردیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ایس ایچ او کاہنہ، اسد عباس کو معطل کردیا گیا ہے۔ اسی طرح چوکی انچارج لکھوکی، عدنان ورک اور محرر، محمد اظہر کے خلاف تھانہ کاہنہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تیسرا ٹی ٹوئنٹی ، پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے آسان ہدف دے دیا
وائرل ویڈیو اور شہری کی شناخت
ذرائع کے مطابق وائرل ویڈیو میں ایک شہری کو زنجیروں سے چارپائی کے ساتھ باندھا گیا ہے، اور مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ اس شہری کی شناخت طارق کے نام سے ہوئی ہے، جو کیرکا گاں کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق طارق کو گزشتہ پانچ روز سے بغیر مقدمہ درج کیے حراست میں رکھا گیا تھا۔
چوری کے الزام اور تحقیقاتی عمل
پولیس کے مطابق طارق پر چوری کا الزام ہے، تاہم اس کا کوئی سابقہ کریمنل ریکارڈ سامنے نہیں آیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واضح کیا کہ شہریوں کے ساتھ بدسلوکی اور اختیارات سے تجاوز ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی ہے اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دینے کا عزم کیا ہے۔








