خیبرپختونخوا کابینہ نے رمضان پیکج کی منظوری دے دی
پشاور میں رمضان ریلیف پیکج کی منظوری
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ہدایت پر صوبائی کابینہ کے 47ویں اجلاس میں رواں سال کے لیے خصوصی رمضان ریلیف پیکج کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس پیکج کے تحت صوبے بھر کے 10 لاکھ 63 ہزار مستحق خاندانوں کو فی خاندان اوسطاً 12 ہزار 500 روپے فراہم کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جدہ میں پاکستانی انویسٹر فورم کی تشکیل نو، چناؤ کا شیڈول سامنے آگیا
پچھلے سال کا رمضان پیکج
حکومتی اعلامیے کے مطابق، گزشتہ سال 2024 میں خیبر پختونخوا حکومت نے پہلی مرتبہ فی خاندان 10 ہزار روپے کا رمضان پیکج متعارف کرایا تھا، جسے بعد ازاں 2025 میں پنجاب اور دیگر صوبوں نے بھی اپنی سطح پر اپنایا۔
مہنگائی اور ریلیف کا فیصلہ
رواں برس بڑھتی ہوئی مہنگائی، خصوصاً چینی اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے پیش نظر، صوبائی حکومت نے رمضان پیکج میں 25 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام کا کہنا تھا کہ پیکج میں اضافے کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنا اور ماہِ رمضان کے دوران ان کے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔








