عمران خان کے بہترین علاج کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں، خواجہ سعد رفیق
خواجہ سعد رفیق کی پریشانی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہر جیل، سخت ہو یا نرم، اپنے قیدی کو ایک بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے۔ عمران خان کی بینائی متاثر ہونے کی خبریں پریشان کُن ہیں، بہترین علاج کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کی ‘فائنل کال’: کیا یہ بشری بی بی کی سیاسی شروعات ہیں یا عمران خان کی کمی کو پورا کرنے کی کوشش؟
جیل کا اثر
ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر جیل، سخت ہو یا نرم، اپنے قیدی کو ایک بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے۔ یہ جگ بیتی بھی ہے اور آپ بیتی بھی۔ عمران خان کی ایک آنکھ اور بینائی کے متاثر ہونے کی خبریں تواتر سے آ رہی ہیں، یہ پریشان کُُن ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کچہری میں پیشی کے دوران ملزم کا سر اپنی گود میں رکھ کر دبانے والا انوکھا پولیس اہلکار، ویڈیو
علاج کا حق
انہوں نے کہا کہ فوری اور موثر علاج ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ میرے نزدیک مریض اگر قیدی ہو اور آپکا سیاسی مخالف بھی ہو تو اسکے حقوق کی حفاظت کرنا زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔ اصولاً عمران خان کے اہل خانہ یا پارٹی کو سپریم کورٹ تک جانے کی ضرورت ہی نہیں پڑنی چاہیے تھی۔ اس موقع پر انکے دور ِ حکومت میں سیاسی مخالفین سے بدسلوکی کے واقعات دہرانا اعلٰی ظرفی نہیں ہوگا۔
حکومت سے مطالبات
خواجہ سعد رفیق نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ:
- عمران خان کی علالت کے حوالہ سے میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر سرکاری موقف جاری کیا جائے۔
- عمران خان صاحب کے اہل خانہ سے انکی ملاقات کروائی جائے۔
- انکی منشا کے مطابق ڈاکٹرز کو ان تک رسائی دی جائے۔
- انکے بہترین علاج کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں۔








