ہم اس حکومت اور 18ویں ترمیم کو رد کرتے ہیں، لعنت بھیجتا ہوں ایسی وزارت پر کہ میرے بچے گٹر میں گر کر مرجائیں :مصطفیٰ کمال کا جلسے سے خطاب
کراچی کی صورتحال اور مصطفیٰ کمال کے خیالات
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم اس حکومت اور 18ویں ترمیم کو رد کرتے ہیں، میں لعنت بھیجتا ہوں ایسی وزارت پر کہ میرے بچے گٹر میں گر کر مر جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: خانیوال، جنریٹر کے دھویں سے دم گھٹنے کے باعث 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق
ایم کیو ایم کی نئی جہت
’’جنگ‘‘ کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ خاموش ایم کیو ایم کو کمزور ایم کیو ایم نہ سمجھیں، ہم نے یہ طے کیا ہے کہ اس زندگی سے موت اچھی، ہمیں جدوجہد کرنی ہے۔ اب ہم پر نسل پرستی کا الزام لگا کر تم ہمیں نہیں لڑوا سکتے، ہم نے 18ویں ترمیم کو ختم کرنے کی حمایت کی ہے۔ اگر آپ میری 26ویں اور 27ویں ترمیم میں آئینی ترمیم کی مخالفت کریں گے تو میں 18ویں ترمیم کی مخالفت کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست؛حامد خان نے لارجر بنچ کی استدعا کردی
پیپلز پارٹی کے رویے پر تنقید
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے ہمارے وجود تک کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں، پیپلز پارٹی نے مقامی حکومت سے متعلق ایم کیو ایم کی آئینی ترمیم کو رد کیا۔ 18ویں آئینی ترمیم نے سب خراب کردیا۔ 15 سال پہلے زرداری نے کہا کہ کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے زیادہ ہے، 3 سال پہلے پیپلز پارٹی نے اپنے افسران لگا کر 1 کروڑ 30 لاکھ آبادی کا کہا۔ ایم کیو ایم حکومت میں تھی اور وفاق سے شکایت کی، وفاق نے 4 بار مردم شماری کی تاریخ بڑھائی، وفاق سے ٹیمیں آئیں اور پھر کراچی کی آبادی 2 کروڑ 3 لاکھ نکلی۔ مردم شماری میں 73 لاکھ لوگ پیپلز پارٹی نے لاپتا کر دیئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری معطل
آبادی کی درست گنتی کی اہمیت
گنتی ٹھیک کی جائے تو کراچی کی آبادی ساڑھے 3 کروڑ اور حیدرآباد 40 لاکھ ہے۔ گنتی ٹھیک ہو تو نشستیں بڑھیں گی اور جو کراچی حیدرآباد میں جیتے گا حکومت بنائے گا۔
ایم کیو ایم کا نیا عزم
مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ یہ پرانی ایم کیو ایم نہیں ہے، یہ کراچی کے ہر علاقے کی ایم کیو ایم ہے۔ آج سٹیج پر سندھی بولنے والا، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے رہنما موجود ہیں۔ تم جتنے ڈسٹرکٹ بنا کر تقسیم کی سیاست کر لو ہر جگہ ایم کیو ایم ہوگی۔ سندھ میں 18 سال سے تمہاری حکمرانی ہے، تم ہمیں گنتے صحیح نہیں ہو، کوٹے پر بھی ہمیں نوکری نہیں دیتے اور اس پر بھی جعلی ڈومیسائل بنا لیتے ہو۔ دنیا کے بدترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر آتا ہے۔ وفاق سے کہتا ہوں آپ فی الفور ایم کیو ایم کی آئینی ترمیم کو منظور کروائیں۔








