بورڈ آف پیس کے رکن ممالک غزہ کیلئے 5 ارب ڈالر سے زائد کی رقم دینے کا وعدہ کر چکے ہیں، ٹرمپ
امریکی صدر کا اہم اعلان
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جمعرات کے روز باضابطہ طور پر اس بات کا اعلان کریں گے کہ بورڈ آف پیس کے رکن ممالک غزہ میں تعمیر نو اور انسانی امداد کے لیے پانچ ارب ڈالر سے زائد کی رقم دینے کا وعدہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں خاتون ڈکیت نے لفٹ لینے کے بہانے شہری سے 7لاکھ 80ہزار روپے لوٹ لیے
امداد اور سیکیورٹی کی فراہمی
ٹرمپ کے مطابق بورڈ آف پیس میں شامل ممالک نے نہ صرف مالی امداد فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے بلکہ ہزاروں اہلکار بھی دینے کا وعدہ کیا ہے جو اقوام متحدہ کی اجازت سے قائم کیے جانے والے اسٹیبلائزیشن فورس اور مقامی پولیس کے ساتھ مل کر غزہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد غزہ میں جنگ سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی، انسانی بحران میں کمی اور علاقے میں دیرپا استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
مزید تفصیلات کا انتظار
امریکی صدر نے عندیہ دیا کہ آئندہ دنوں میں اس منصوبے کی مزید تفصیلات بھی سامنے لائی جائیں گی، جن میں تعمیر نو کے عملی مراحل، سیکیورٹی انتظامات اور امدادی سرگرمیوں کا دائرہ کار شامل ہوگا۔ ان کے مطابق عالمی برادری کی یہ مشترکہ کوشش خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیشرفت ثابت ہو سکتی ہے۔








