رمضان بچت فیسٹیول میں 3 لاکھ سے زائد شہریوں نے شرکت کی، عوام کا اعتماد اور دعائیں حکومت کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں: عظمیٰ بخاری
پنجاب میں رمضان بچت فیسٹیول
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ 3 روزہ رمضان بچت فیسٹیول میں 3 لاکھ سے زائد شہریوں کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام حکومتی فلاحی اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
فیسٹیول کی تفصیلات
عظمٰی بخاری نے بتایا کہ فیسٹیول میں 150 سے زائد سٹالز قائم کیے گئے جہاں اشیائے ضروریہ پر 20 فیصد تک رعایت دی گئی اور کسی بھی شہری کی جانب سے قیمتوں یا معیار سے متعلق کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔ ’’ستھرا پنجاب‘‘ مہم کے تحت مثالی صفائی انتظامات کیے گئے اور لاکھوں افراد کی آمد کے باوجود صفائی کا معیار برقرار رکھا گیا۔
مفت افطاری اور مالی امداد
عظمٰی بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت ہر تحصیل میں روزانہ 2 ہزار افراد کے لیے مفت افطاری کا آغاز کر رہی ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے نگہبان رمضان کارڈ کے تحت مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ رمضان المبارک کے مہینے میں راشن کارڈ کی رقم 3 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے تاکہ مزدور اور ورکرز بھی رمضان المبارک میں بھرپور طور پر مستفید ہو سکیں۔
خصوصی مراکز اور رمضان بازار
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان بچت فیسٹیول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 160 خصوصی مراکز فعال ہیں اور 74 رمضان بازار مکمل طور پر آپریشنل ہو چکے ہیں، جہاں عوام کو بھرپور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ فیسٹیول میں ملٹی نیشنل کمپنیز، معروف فوڈ چینز اور مقامی وینڈرز نے 150 سے زائد گروسری و دیگر اشیائے ضروریہ کے اسٹالز قائم کیے جہاں اشیائے خوردونوش سمیت متعدد مصنوعات پر اوسطاً 20 فیصد تک رعایت فراہم کی گئی۔ شہریوں نے اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
شہریوں سے فیڈبیک
عظمٰی بخاری نے کہا کہ انہوں نے موقع پر موجود شہریوں، خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں سے براہِ راست فیڈبیک لیا تاکہ اسے وزیراعلیٰ پنجاب تک پہنچایا جا سکے۔ خوشی کی بات ہے کہ کسی بھی شہری نے قیمتوں، معیار یا اشیاء کی عدم دستیابی سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی۔ فیسٹیول میں بچوں کے لیے خصوصی پلے ایریا، شہریوں کے لیے فری میڈیکل کیمپ اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں۔
کامیاب انعقاد کی مبارکباد
عظمیٰ بخاری نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر سلمیٰ بٹ اور متعلقہ محکموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو معیاری اور محفوظ تفریحی و خریداری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے لیے پنجاب بھر میں 160 خصوصی مراکز فعال کر دیے گئے ہیں جبکہ 25 اضلاع میں 36 رمضان بازار قائم ہیں اور باقی اضلاع میں بھی عارضی بنیادوں پر بازاروں کا قیام یقینی بنایا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 74 بازار فعال ہو چکے ہیں۔
محفوظ تقریب کی کامیابی
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہزاروں افراد کی موجودگی کے باوجود فیسٹیول میں ہراسمنٹ یا بدنظمی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، جو محفوظ پنجاب کے وژن کی عملی تصویر ہے۔ خواتین، بچے اور بزرگ بلا خوف و خطر اپنے اہل خانہ کے ساتھ تقریبات میں شریک ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے اور گزشتہ برس کی نسبت اس بار اقدامات کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ عوام کا اعتماد اور دعائیں حکومت پنجاب کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔
آنے والے ایام میں مزید اقدامات
عظمٰی بخاری نے عندیہ دیا کہ عید کے موقع پر بھی اسی طرز کے فیسٹیول کے انعقاد کی تجویز زیر غور ہے تاکہ شہری اپنی فیملیز کے ساتھ خوشیوں بھرے لمحات گزار سکیں۔ حکومت پنجاب عوام کو سہولت، تحفظ اور خوشی فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے اور اس کے مثبت نتائج عوام خود میدان میں دیکھ رہے ہیں۔








