رمضان 2026 کے دوران ملک بھر میں خوشگوار موسم کی توقع، این ڈی ایم اے کا جائزہ جاری
موسمی صورتحال کا جائزہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ماہِ رمضان 2026 کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال سے متعلق جائزہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر خوشگوار موسم کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان ہائیکورٹ نے بادینی بارڈر ٹرمینل منصوبے کا اشتہار غیر قانونی قرار دے دیا
پہلا عشرہ
رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا جبکہ راتیں نسبتاً ٹھنڈی رہیں گی۔ پہلے عشرے میں زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی اور مغربی علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں رات کے اوقات میں سردی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا خاران میں دہشتگردوں کے حملے ناکام بنانے پر اظہار تشکر، بہادر سیکیورٹی فورسز کو سلام
دوسرا عشرہ
دوسرے عشرے کے دوران موسم قدرے گرم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس عرصے میں شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار خطے میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
تیسرا عشرہ
این ڈی ایم اے کے جائزے کے مطابق تیسرے عشرے میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، خصوصاً شمالی پاکستان اور وسطی پنجاب میں بارش کی توقع ہے۔ دوسری جانب جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں رمضان کے آخری دنوں تک گرمی میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔








