کراچی، سولجر بازار میں رہائشی عمارت میں گیس لیکج کا دھماکا، ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی
دھماکے کی تفصیلات
کراچی (ویب ڈیسک) گیس لیکج کے باعث عمارت میں ہونے والے دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیے نے اپنا پہلا ہائپر سونک میزائل ٹائفون بلاک 4 متعارف کروا دیا
حادثے کی جگہ اور امدادی کارروائیاں
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں صبح 4 بجے کے قریب عمارت میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ گرگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سکیورٹی سخت کردی اور ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
جیونیوز کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت تین منزلہ ہے اور ہر فلور پر ایک کمرہ قائم ہے۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 9 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں ایک 10 سالہ بچی بھی شامل ہے جس کی شناخت نازیہ کے نام سے ہوئی ہے۔ مزید 10 سے زائد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کی کارروائیاں
ڈی جی ریسکیو 1122 بریگیڈئیر واجد نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ گیس دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر ہوا۔ دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین سے ہوا جس میں اب تک 7 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں خاتون اور بچی کی لاشیں بھی شامل ہیں۔ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ چھوٹی عمارت کے لیے ہمارے پاس خاص آلہ ہوتا ہے، آلے کی مدد سے لوہے کو کاٹ کر ملبہ ہٹایا گیا ہے۔








