اسلامی ممالک کی خود مختاری کے خلاف کسی بھی اقدام کی مخالفت کی جائے گی، سینیٹ میں اسرائیل کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور
اسلام آباد میں سینیٹ کی قرار داد کی منظوری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیٹ میں اسرائیل کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس تعینات ہونے پر مبارکباد
قرارداد کی تفصیلات
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر پلوشہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قرارداد میں غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں اور اسرائیلی بیانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ایوان نے اسرائیلی قیادت کی جانب سے علاقائی اتحاد بنانے کے بیان کو مسلم اُمہ کی وحدت کے خلاف قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک افغان دوحہ جنگ بندی معاہدہ صحیح سمت میں پہلا قدم ہے: اسحاق ڈار
بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی
’’جنگ‘‘ کے مطابق قرارداد کے متن کے مطابق اسرائیل کا طرزِ عمل بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی ہے۔ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی قانونی و تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی ہر کوشش کو مسترد کیا گیا ہے۔ سینیٹ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاری کے پھیلاؤ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اسرائیلی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ججوں کے تقرر میں پارلیمان کا کردار عدلیہ پر حملہ کیسے ہوگیا؟ سینیٹ میں شیری رحمان کا استفسار
اسلامی ممالک کی خود مختاری کی حفاظت
قرارداد میں کہا گیا کہ اسلامی ممالک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی اقدام کی مخالفت کی جائے گی۔ ایوان نے اسرائیل سے مقبوضہ علاقوں سے فوری انخلا اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ کیا۔
پاکستان کی حمایت کا عزم
سینیٹ نے غزہ کی بحالی اور تعمیرِ نو کے عمل کے جلد آغاز پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔








