دہشت گردی سے چھٹکارے کے لیے سیاسی بحران ختم کیا جائے، لیاقت بلوچ
دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سیاسی بحران کا حل
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لئے ملک کے اندر سیاسی بحران ختم کئے جائیں۔ بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور اب پنجاب میں بھی دہشت گردی کے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میجر شبیر شریف شہید( نشان حیدر )کا 53واں یوم شہادت ، افواج پاکستان کا زبردست الفاظ میں خراج عقیدت
بھارت میں اقلیتوں کے خلاف تشدد
لیاقت بلوچ نے مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں نریندر مودی کے سیاہ دور میں تمام اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے ساتھ تذلیل و توہین آمیز روئیے شدّت اختیار کرگئے ہیں۔ حال ہی میں راجستھان میں بی جے پی کے متعصب انتہا پسند نے غریب مستحق لوگوں میں امداد کی تقسیم کے دوران غریب مسلمان خواتین کو امدادی سامان دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ "تمہارا جرم یہ ہے کہ تم مسلمان ہو اور مودی کو گالی دیتے ہو"۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کو اپنے دفاع کا پورا حق ہے،صدر رجب طیب اردوان کا ترک پارلیمنٹ میں خطاب
اقوام متحدہ کی ذمہ داری
بھارت میں اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں کے خلاف بڑھتا تشدّد اور تعصّب ہندو انتہا پسندی کا مکروہ چہرہ ہے۔ اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل بھارت میں اقلیتوں کے خلاف نفرت آمیز امتیازی سلوک اور ظلم و جبر پر مبنی اقدامات کے خلاف سخت اقدامات کرے۔ جمہوری ممالک میں انتہا پسند قیادتیں انسانیت کے لئے زہرِ قاتل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی طاقتیں جنگ کے امکان سے کسی حد تک لاتعلق دکھائی دیتی ہیں، انٹرنیشنل کرائسز گروپ کا بیان
پاکستان میں دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ بھارت
پاکستان میں منظم دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ انڈیا ہے۔ بھارت معرکہِ حق میں پاکستان سے ذلت آمیز شکست کے بعد اپنے زخم چاٹ رہا ہے اور پاکستان کے خلاف زہریلے پروپیگنڈہ اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کررہا ہے۔ سیکیورٹی اداروں کے افسران اور جوانوں کی شہادتیں پوری قوم کے لئے باعثِ فخر ہیں۔
قومی اتفاقِ رائے کی ضرورت
لیاقت بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لئے سیاسی بحران ختم کئے جائیں، عوام اور اداروں کے درمیان بڑھتے فاصلے ختم کئے جانے چاہئیں اور قومی اتفاقِ رائے سے ازسرِنو قومی ایکشن پلان ترتیب دیا جائے۔ افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لئے پوری قوم دُعاگو ہے لیکن حکومت اور سیکیورٹی ادارے عوام کے اندر موجود عدم اطمینان اور مایوسی کے خاتمہ کے لئے بھی اقدامات کریں۔








