وزیر اطلاعات عطا ءتارڑ نے افغان طالبان کے خلاف جاری ’’آپریشن غضب للحق‘‘ کی تفصیلات جاری کردیں
آپریشن غضب للحق کی تفصیلات
اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے افغان طالبان کے خلاف جاری’’ آپریشن غضب للحق‘‘ کی تفصیلات جاری کردیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ملک عرفان شفیع کھوکھر انتقال کرگئے
شمالی بلوچستان میں افغان طالبان کے حملے
عطاء تارڑ کے مطابق افغان طالبان نے شمالی بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن اضلاع میں 16 مقامات پر زمینی حملے کیے۔ بلوچستان میں افغان طالبان نے 25 مقامات پر پاک افواج کے خلاف فائر ریڈ کی کارروائیاں کیں تاہم بلوچستان میں تمام مقامات پر حملوں کو مؤثر طور پر پسپا کر دیا گیا۔ بلوچستان میں افغان طالبان کے 27 کارندے ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ وطن کا دفاع کرتے ہوئے ایف سی بلوچستان نارتھ کا 1 جوان شہید اور 5 جوان زخمی ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں کارروائیاں
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے مزید بتایا کہ خیبر پختونخوا میں ایک مقام پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی اور صوبے میں 12 مقامات پر فائر ریڈ کیا گیا جنہیں بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنا دیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں رات بھر جاری کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کے 40 کارندے ہلاک ہوئے۔ فالو اپ آپریشنز تاحال جاری ہیں اور آپریشن کی تفصیلی اپڈیٹ کچھ وقت میں جاری کی جائے گی۔








