فلیگ شپ پروگرام کے تحت اقلیتی مذہبی مقامات کی بحالی و تحفظ کے منصوبے کا افتتاح
وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے گردوارہ مانکے کے مقام سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں مذہبی اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور تاریخی عمارات کی بحالی، مرمت اور کنزرویشن کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کر دیا
مذہبی ورثے کا تحفظ
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے مذہبی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت صوبے بھر میں موجود گوردواروں، چرچز، مندروں اور دیگر اقلیتی عبادت گاہوں کی ریسٹوریشن، کنزرویشن اور ریہیبلیٹیشن کا کام مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کرم: فائرنگ سے مزید 6 افراد جاں بحق، ہلاکتیں 130 ہوگئیں
بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد نہ صرف اقلیتی عبادت گاہوں کی تاریخی حیثیت کو محفوظ بنانا ہے بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو بھی فروغ دینا ہے۔
اقلیتی برادری کے لیے سہولیات
پنجاب حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ اقلیتی برادری کو اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی کے لیے محفوظ، باوقار اور بہتر سہولیات میسر ہوں جبکہ اس منصوبے کے ذریعے تاریخی اور مذہبی اہمیت کی حامل عمارات کو محفوظ کر کے آنے والی نسلوں کے لیے برقرار رکھا جائے گا۔








