پاکستانی جہازوں کے لیے آبنائے ہرمز کھلی ہے، ایرانی قونصل جنرل کا بڑا بیان
ایرانی قونصل جنرل کا بیان
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایرانی قونصل جنرل اکبر عیسٰی زادے نے کہا ہے کہ پاکستانی جہازوں کے لیے آبنائے ہرمز کھلی ہے۔ جیو نیوز کو انٹرویو میں کراچی میں ایرانی قونصل جنرل اکبر عیسٰی زادے نے کہا کہ خام تیل یا گیس لانے والے جہاز حکومت ایران سے رابطہ کرکے آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اپوزیشن میدان میں آ گئی، مودی سرکار سے بڑا مطالبہ کر دیا
آبنائے ہرمز کی صورتحال
ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت کئی دیگر ممالک کے جہازوں کو بھی آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز صرف امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کے لیے بند ہے۔ ایرانی قونصل جنرل نے بتایا کہ جارحیت میں ملوث ممالک کے علاوہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی تجارت کے لیے کھلی ہے۔
پاکستانی ٹینکر کا سفر
خیال رہے کہ پاکستانی ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے ایران کے ساحل کے قریب رہ کر نکلنے والا تازہ ترین جہاز بن گیا ہے۔ امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق پاکستانی پرچم بردار جہاز "کراچی" اتوار کے روز ایرانی جزائر لارک اور قشم کے درمیان ایک تنگ راستے سے گزرا، جس کے بعد وہ ساحل کے ساتھ ساتھ خلیج عمان کی جانب بڑھا۔ اس بحری جہاز پر 8 کروڑ لیٹر سے زائد تیل موجود ہے۔








