ڈیل کا وقت گزر رہا ہے، ایران کو دیر ہونے سے پہلے سنجیدہ ہوجانا ہوگا، وقت گزر گیا تو پھر کچھ نہیں ہوگا، جو ہوگا وہ اچھا نہیں ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ
ٹرمپ کی ایران کو مذاکرات کی وارننگ
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو جلد مذاکرات کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیل کا وقت گزر رہا ہے۔ ٹرتھ سوشل پر ٹرمپ نے لکھا کہ ایرانی مذاکرات کار بہت مختلف اور عجیب ہیں، وہ مذاکرات کی بھیک مانگ رہے ہیں۔ ان کو ایسا کرنا بھی چاہیے کیوں کہ وہ فوجی طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور ان کی واپسی کا کوئی امکان بھی نہیں ہے، لیکن پھر بھی وہ عوام میں کہتے ہیں کہ ایران امریکی تجاویز کو صرف ’دیکھ‘ رہا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ صحیح نہیں، ایران کو دیر ہونے سے پہلے سنجیدہ ہوجانا ہوگا کیونکہ جب وقت گزر گیا تو پھر کچھ نہیں ہوگا، جو ہوگا وہ اچھا نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان، پاکستانی فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے 13 افراد کی تدفین کا عمل جاری
ٹرمپ کا ایرانی قیادت پر تنقید
واشنگٹن میں اپنی جماعت ریپبلکن پارٹی کے فنڈ ریزنگ ایونٹ میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایرانی خوف زدہ ہیں، کوئی سپریم لیڈر بننے کو تیار نہیں۔ اگر ایرانی لیڈر سے کہا جائے کہ سپریم لیڈر بن جائیں تو وہ شکریہ کے ساتھ انکار کر دیتا ہے۔ ایران خود مجھ سے بات کرنا چاہتا ہے اور جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران فوری ڈیل چاہتا ہے مگر اندرونی خوف کے باعث کھل کر بات نہیں کر رہا، مشرق وسطیٰ میں ہماری کامیابی بے مثال ہے۔
نیٹو کے کردار پر ٹرمپ کا اظہار خیال
ایک اور بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نیٹو ممالک نے ایران کے معاملے میں بالکل بھی مدد نہیں کی۔ ایران اب فوجی طور پر تباہ ہو چکا ہے، امریکا کو نیٹو سے کسی چیز کی ضرورت نہیں، نیٹو کی ضرورت نہیں لیکن امریکا اس اہم وقت کو کبھی نہیں بھولے گا۔








