کراچی کا نوجوان ایران میں اسرائیلی میزائل حملے میں شہید، لواحقین کی میت جلد وطن لانے کی اپیل
کراچی کا رہائشی نوجوان شہید
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی کا رہائشی نوجوان ایران کی بندرگاہ پر اسرائیلی میزائل حملے میں شہید ہوگیا۔ پانچ روز گزرنے کے باوجود میت وطن نہیں پہنچ سکی، لواحقین نے حکومت سے اپنے پیارے کی میت جلد وطن لانے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں گوگل کروم بک فیکٹری لگانے کی پیشکش، وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرا دی
واقعہ کی تفصیلات
’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق ماڑی پور یونس آباد کا رہائشی نوجوان یاسر خان ایران کی بندرگاہ بندر عباس میں اسرائیلی میزائل حملے کے نتیجے میں شہید ہوا۔ یہ واقعہ 23 مارچ کی شب پیش آیا جب ٹگ بوٹ پر میزائل سے حملہ کیا گیا۔ حملے میں یاسر خان شہید ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی سبحان زخمی ہوگیا۔ لواحقین کے مطابق یاسر اور اس کے ساتھی ٹگ بوٹ پر 6 ماہ سے ملازمت کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج طلب، ایجنڈے بھی جاری
لواحقین کا ردعمل
یاسر 6 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا اور 3 سالہ بچے کا باپ تھا۔ پانچ روز گزرنے کے باوجود تاحال یاسر خان کی میت پاکستان منتقل نہیں کی جا سکی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر نہ ہی ان سے رابطہ کیا گیا اور نہ ہی میت کی واپسی کے اقدامات کیے گئے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے بیان
دوسری جانب سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ تفتان بارڈر پر ہمارا کیمپ قائم ہے اور رضاکار موجود ہیں۔ یاسر کی میت پاکستان منتقل کرنے کے لیے ہمارے انتظامات مکمل ہیں۔








