پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں یکم سے 4 اپریل تک بارشوں کا الرٹ جاری کردیا
پنجاب میں بارش کی پیشگوئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے صوبے بھر میں متوقع بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق یکم سے 4 اپریل تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: طلاق کے 50 سال بعد جوڑے کا دوبارہ شادی کا فیصلہ، دلچسپ کہانی سامنے آگئی
متاثرہ اضلاع
ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گجرانوالہ میں بارش متوقع ہے، جبکہ حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان سمیت گردونواح میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں کہیں کہیں تیز بارش کی پیشگوئی ہے۔
عوام کی ہدایت
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ کسانوں کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات کرنے کی تلقین کی گئی ہے، جبکہ سیاحوں کو شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے。








