مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطرناک ہے، سفارت کاری امن کا واحد راستہ ہے ، دفتر خارجہ
پاکستان کی سفارتی کوششیں
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے اور مسلسل سفارتی مشاورت میں مصروف ہے۔ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطرناک ہے، سفارت کاری امن کا واحد راستہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجابی کلچر ڈے کی تقریبات کا آغاز، عوام کی فری انٹری ہوگی: عظمیٰ بخاری
وزیراعظم کے رابطے
وفاقی دارالحکومت میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے مختلف ملکوں کے ہم منصبوں سے رابطے ہوئے، پاکستان کی خطے میں قیام امن کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ سعودی عرب، ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا جس دوران خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر مذہبی نفرت برداشت نہیں کی جائے گی، سخت ایکشن ہوگا: عظمیٰ بخاری
چین اور پاکستان کا امن منصوبہ
’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق، ترجمان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے مشترکہ 5 نکاتی امن منصوبے کو عالمی اور خطے میں پذیرائی حاصل ہوئی۔ یہ منصوبہ ایران، امریکہ اور دیگر متعلقہ فریقین تک پہنچایا گیا۔ امریکی قیادت نے بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔ ایران اور امریکہ نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سہولت کاری کا کردار سراہا، جبکہ آئندہ مرحلے میں متعلقہ فریقین کے درمیان بامعنی مذاکرات پر توجہ دی جائے گی۔
حالیہ کشیدگی کی تشویش
ترجمان کا کہنا تھاکہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی خطرناک ہے، سفارت کاری امن کا واحد راستہ ہے۔ موجودہ صورتحال میں نائب وزیراعظم کا دورۂ چین اہمیت کاحامل ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا، جبکہ بحری راستوں، خصوصاً آبنائے ہرمز میں جہازرانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔








