سوشل میڈیا سے بھاری پیسہ کمانے والے ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے، تمام انفلوئنسرز، کنٹنٹ کریٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ
ایف بی آر کا بڑا فیصلہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سوشل میڈیا سے بھاری پیسہ کمانے والے ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے ہیں۔ ایف بی آر نے تمام سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور کنٹنٹ کریٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مرغی کی قیمت میں بڑا اضافہ ہو گیا
انکم ٹیکس رولز میں ترامیم
سما ٹی وی کے مطابق یوٹیوبرز، ٹک ٹاکرز اور انسٹاگرام انفلوئنسرز اس قانون کے دائرے میں آئیں گے۔ ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔ یہ قانون سوشل میڈیا سے پیسہ کمانے والے پاکستانی شہریوں پر لاگو ہوگا۔ سوشل میڈیا سے آمدن، اسپانسرشپ یا ایڈ سے ملنے والی آمدنی پر بھی یہ قانون نافذ ہوگا، جس کا اطلاق سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین کے ساتھ تعامل پر ہوگا۔
قابل ٹیکس آمدن کا تعین
دستاویز کے مطابق قابل ٹیکس آمدن کا تعین سوشل میڈیا سے کمائی اور اخراجات کی بنیاد پر ہوگا۔ اوسط ویوز اور سال بھر کی سوشل میڈیا پوسٹس کا حساب کیا جائے گا۔ مخصوص فارمولے کے تحت انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور سالانہ انکم ٹیکس گوشواروں میں بھی الگ سے یہ آمدن ظاہر کرنا ہوگی۔ اس مسودے پر ایک ہفتے میں اعتراضات یا سفارشات دینے کی ڈیڈ لائن مقرر ہے، اور اعتراضات، تجاویز، سفارشات آنے کے بعد ترامیم کو حتمی شکل دی جائے گی۔








