وفاق نے مہنگائی کا بوجھ بڑھا دیا، وقتی اور نمائشی اقدامات سے مسائل حل نہیں ہونگے : سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا بیان
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق نے مہنگائی کا بوجھ بڑھا دیا ہے۔ وقتی اور نمائشی اقدامات سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ہماری حکومت صوبائی سطح پر کرائسز مینجمنٹ پالیسی تشکیل دے گی، اور مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے مزید ریلیف اقدامات جلد متعارف کروائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: یکم دسمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان
صوبائی کابینہ اجلاس کا خلاصہ
’’جنگ‘‘ کے مطابق صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کا بوجھ بڑھا دیا ہے۔ پاکستان کی تقریباً 45 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے جا چکی ہے۔ وقتی اور نمائشی اقدامات سے مسائل حل نہیں ہوں گے، مستقل اور دیرپا پالیسی ناگزیر ہے۔ حکمران عوام پر مسلسل بوجھ ڈال رہے ہیں، اور حکمرانوں کے پاس بحران سے نکلنے کا واضح منصوبہ نہیں ہے۔
مالی مسائل اور وفاقی ناکامیاں
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ این ایف سی میں صوبے کا حصہ مکمل طور پر ادا نہیں کیا جا رہا ہے۔ قبائلی اضلاع کو مالی طور پر مکمل ضم نہ کرنا وفاق کی ناکامی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صوبہ اپنے وسائل استعمال کر رہا ہے، اور وفاق سے امداد نہیں مل رہی۔ درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے۔








