پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 21 ارب 40 کروڑ ڈالر، بیرونی قرض 138 ارب ڈالر تک پہنچ گیا
پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اور قرضوں کی صورتحال
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 21 ارب چالیس کروڑ ڈالر جبکہ بیرونی قرض 138 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ اندرونی قرض 55ہزار 363 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ زرمبادلہ کے ذخائر اور قرضوں کی تفصیلات پارلیمان میں پیش کردی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: لودھراں میں 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق
زرمبادلہ کے ذخائر کی تفصیلات
وزارت خزانہ نے پارلیمان کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان کے پاس زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 21 ارب 40 کروڑ ستتر لاکھ ڈالر ہیں، جن میں اسٹیٹ بینک کے پاس 16 ارب 20 کروڑ ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 19 کروڑ ڈالر موجود ہیں۔
بیرونی اور اندرونی قرضوں میں اضافہ
وزارت خزانہ کے مطابق سال 2025 کے دوران بیرونی قرضوں اور واجبات میں 7 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی بیرونی قرض 138 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ اسی عرصے میں اندرونی قرض میں 5ہزار 480 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد پاکستان کا اندرونی قرض بڑھ کر 55 ہزار 363 ارب روپے ہو گیا ہے.








