احتیاط برتیں، درست معلومات کے لیے صرف سرکاری طور پر جاری کردہ بیانات پر انحصار کریں: دفتر خارجہ
سفارتکاری اور حساس علاقائی صورتحال
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ حساس علاقائی صورتحال میں سفارتکاری اس امر کی متقاضی ہے کہ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے۔ میڈيٰا پلیٹ فارمز کو مناسب احتیاط برتنی چاہیے، قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے اور درست اور بروقت معلومات کے لیے صرف سرکاری طور پر جاری کردہ بیانات پر انحصار کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: درخت کاٹنے والوں کی ضمانتیں نہیں ہونی چاہئیں: جسٹس شاہد کریم
میڈیا کی رپورٹس پر وزارت خارجہ کا مؤقف
خطے میں جاری تنازعہ سے متعلق پیش رفت کے بارے میں میڈیا کے سوالات کے جواب میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ میڈیا، بالخصوص سوشل میڈیا، پر چلنے والی متعدد رپورٹس ہمارے علم میں آئی ہیں جن میں جاری تنازعہ اور امن و مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں مبینہ نام نہاد سرکاری ذرائع کا حوالہ دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رشوت لینے کا مقدمہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے چودھری سرفراز کی ضمانت خارج
بے بنیاد دعوؤں کی تردید
’’اے پی پی ‘‘ کے مطابق ترجمان نے کہا کہ ہم ان بے بنیاد اور من گھڑت دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہیں جو مبینہ سرکاری ذرائع سے منسوب کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی نسبت درست نہیں ہے۔ یہ امر تشویش کا باعث ہے کہ وزارتِ خارجہ میں جمعہ کو ہونے والی بریفنگ کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے اور ایسے معاملات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جن پر نہ تو بات ہوئی اور نہ ہی کوئی حوالہ دیا گیا۔
میڈیا سے درخواست
اس حساس علاقائی صورتحال میں سفارتکاری تقاضا کرتی ہے کہ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے، لہٰذا ہم تمام میڈیا پلیٹ فارمز سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ مناسب احتیاط برتیں، قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور درست اور بروقت معلومات کے لیے صرف سرکاری طور پر جاری کردہ بیانات اور میڈیا ریڈ آؤٹس پر انحصار کریں۔








