کراچی پریس کلب کے داخلی و خارجی راستوں کی بندش آزادیٔ صحافت پر قدغن کے مترادف ہے: صدر فاضل جمیلی
کراچی پریس کلب کی تشویش
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی پریس کلب نے ایک سیاسی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے کنٹینرز لگا کر پریس کلب کے چاروں اطراف سے راستے بند کیے جانے پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ کلب نے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں کو پریس کلب تک بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنایا جائے اور فوری طور پر تمام راستے کھولے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: گیس لوڈشیڈنگ شروع
صحافت کی آزادی پر قدغن
اتوار کو پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے جاری بیان میں کہا کہ کراچی پریس کلب کے داخلی و خارجی راستوں کی بندش نہ صرف آزادی صحافت پر قدغن کے مترادف ہے بلکہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں بھی سنگین رکاوٹ ہے۔ ایسے اقدامات سے صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو کسی بھی جمہوری معاشرے میں قابل قبول نہیں۔
حکومت اور پولیس سے مطالبہ
پریس کلب کے عہدیداروں نے حکومت سندھ اور پولیس کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی پریس کلب کے اطراف سے فوری طور پر کنٹینرز ہٹا کر راستے بحال کیے جائیں تاکہ صحافی بلا رکاوٹ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔ صحافتی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کے اقدامات فوری طور پر ختم کیے جائیں، بصورت دیگر اس عمل کے خلاف مزید لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔








