مہنگے پٹرول کے اثرات براہ راست عوام پر منتقل اور کئی علاقوں میں صورتحال کنٹرول سے باہر ہوتی جا رہی ہے، اسپیشل برانچ کی خفیہ رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی گئی
پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد عوامی مشکلات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ اسپیشل برانچ کی خفیہ رپورٹ کے مطابق مہنگائی کے اثرات براہِ راست شہریوں تک منتقل ہو رہے ہیں اور کئی علاقوں میں صورتحال تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موجودہ کشیدگی پیٹرو ڈالر کے لیے خطرہ ہے، ڈوئچے بینک
صوبے کے حالات
دنیا ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے 38 اضلاع میں کیے گئے سروے کے دوران ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انٹر سٹی بس کرایوں میں اوسطاً 30 فیصد جبکہ بعض شہروں میں 40 فیصد تک اضافہ ہوا، جبکہ مال برداری کے کرایوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گڈز ٹرانسپورٹ مہنگی ہونے کے باعث اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اوسطاً 25 فیصد اضافہ رپورٹ کیا گیا، جبکہ ٹماٹر، آلو اور پیاز سمیت سبزیوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہونے لگی ہیں۔
ٹرانسپورٹ سیکٹر پر اثرات
رپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹ سیکٹر بھی شدید متاثر ہوا ہے، کرایوں میں اضافے کے باعث مسافروں کی تعداد میں واضح کمی اور بس آپریشنز محدود ہو کر رہ گئے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔








