عازمینِ حج کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان
حج کے عازمین کے لیے ریلیف کا اعلان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمینِ حج کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ اب ملک بھر کے 10 حاجی کیمپوں میں تربیت، ویکسی نیشن اور سفری دستاویزات کی فراہمی سمیت تمام امور ایک ہی دن میں مکمل کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جنرل یحییٰ، بھٹو اور شیخ مجیب سقوط ڈھاکا کے مرکزی کردار ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن
سفری اخراجات کی بچت
اس فیصلے کا مقصد عازمین کے سفری اخراجات اور وقت کی بچت کرنا ہے جس سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 19 ہزار عازمینِ حج مستفید ہوں گے۔ حج آپریشن کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز (کل) بدھ سے ہو رہا ہے جس میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، سکھر اور رحیم یار خان کے حاجی کیمپ فعال رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: یو ایم ٹی کے 28ویں کانووکیشن کا شاندار انعقاد، وزیر خزانہ پنجاب کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت
ون ونڈو آپریشن کی سہولتیں
اس ون ونڈو آپریشن کے تحت عازمین کو ایک ہی چھت تلے حج تربیت اور لازمی ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ ہوائی ٹکٹ، ویزا، شناختی لاکٹ، لگیج ٹیگز اور ادویات کی پیکنگ جیسی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ انہیں بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
مزید معلومات
ترجمان مذہبی امور عمر بٹ کے مطابق عازمین کے لیے ویکسینیشن اور تربیتی سیشن کا مکمل شیڈول ’’پاک حج ایپ‘‘ پر فراہم کر دیا گیا ہے۔ وزارت نے عازمین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ حاجی کیمپ آمد کے وقت اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور تصویر والی کمپیوٹرائزڈ بینک رسید لازمی ہمراہ لائیں جبکہ عازمین کی سہولت کے لئے کیمپوں میں کرنسی کے تبادلے کے لئے بینکوں کے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔








