انڈیا کا ‘براہمنوں کا شہر’ جو اپنی نیلی شناخت کھو رہا ہے
انڈیا کا ایک شہر برسوں تک اپنے منفرد رنگ کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ حاصل کر رہا تھا لیکن اب اس کا رنگ بھی ماند پڑنے لگا ہے۔
برہمہ پوری شہر جودھپور کے ایک پہاڑ کی چوٹی پر تعمیر قلعے مہران گڑھ کے دامن میں آباد ہے۔
سنہ 1459 میں یہ شہر راجپوت بادشاہ راؤ جودھا نے قلعے کے اردگرد تعمیر کرایا تھا۔ اسے انڈیا کا پرانا اور اصلی جودھ شہر مانا جاتا ہے جہاں نیلے رنگ کے گھر ہیں۔
جندال سکول آف آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر کے اسسٹنٹ پروفیسر ایستھر کرسٹین شمٹ کا کہنا ہے کہ برہمہ پوری شہر کا منفرد نیلا رنگ سترھویں صدی سے پہلے نہیں تھا۔
لیکن جب سے جودھپور کے گھروں کو نیلے رنگ سے سجایا گیا ہے، تب سے وہ اس کی شناخت ہے۔
ریاست راجستھان میں واقع جودھپور کو بلیو سٹی بھی کہا جاتا ہے اور برہمہ پوری اس کا دل ہے۔
جودھ پور کا موازنہ مراکش کے نیلے شہر شفشاون سے کیا جاتا ہے، جسے دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں۔
برہمہ پوری، جسے سنسکرت میں ’براہمنوں کا شہر‘ کہا جاتا ہے، اونچی ذات کے خاندانوں کی ایک کالونی کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا جنھوں نے ہندو ذات پات کے نظام میں نیلے رنگ کو پرہیزگاری کی علامت کے طور پر اپنایا تھا۔
برہمہ پوری کا نیلا شہر اسی طرح منفرد ہے جیسے مراکش کے شہر مدینہ میں قائم بستی جہاں 15ویں صدی میں سپین کے مسیحی حکمرانوں کے مظالم سے بھاگ کر یہودیوں نے ایک بستی بسائی تھی۔
خیال کیا جاتا ہے کہ شفشاون میں یہودیوں نے اپنے گھروں، عبادت گاہوں اور یہاں تک کہ سرکاری دفاتر کو بھی نیلے رنگ میں رنگ دیا ہے، جسے یہودیت میں مقدس آسمان کی علامت اور خدائی رنگ سمجھا جاتا ہے۔
برہمہ پوری میں گھروں کو نیلا کرنا کئی طرح سے فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔ برہمہ پوری کے گھروں میں استعمال ہونے والے چونے کے پلاسٹر کے ساتھ ملا ہوا نیلے رنگ کا پینٹ گھروں کے اندرونی حصوں کو ٹھنڈا کر دیتا ہے، اس کے علاوہ وہ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
لیکن شفشاون کے برعکس، جودھپور میں نیلا رنگ ختم ہونا شروع ہو گیا ہے۔ اس کی کئی وجوہات ہیں۔
تاریخی طور پر برہمہ پوری کے باشندوں کے لیے نیلے رنگ کا استعمال ایک عملی انتخاب تھا کیونکہ اس علاقے میں قدرتی نیل آسانی سے دستیاب تھا۔ مشرقی راجستھان کا بیانا قصبہ اس وقت ملک میں نیل پیدا کرنے والے بڑے مراکز میں شامل تھا۔
لیکن وقت کے ساتھ ساتھ نیل کی فصل اگانے کی وجہ سے مٹی کو بہت نقصان پہنچا ہے۔
جودھ پور میں اب دیگر رنگ نیلے رنگ کی جگہ لے رہے ہیں۔ اس کی وجوہات میں درجہ حرارت کا بڑھنا شامل ہے۔ اب نیلا رنگ گھروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کافی نہیں رہا۔
آمدن میں اضافے کی وجہ سے لوگ شدید گرمی سے بچنے کے لیے ایئر کنڈیشنر جیسی جدید سہولیات کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی گاندھی نگر میں سول انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر ادت بھاٹیا کا کہنا ہے کہ 'ماضی کے سالوں میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔'
آئی آئی ٹی گاندھی نگر کے ایک تجزیے کے مطابق، جودھپور کا اوسط درجہ حرارت 1950 کی دہائی میں 37.5 سینٹی گریڈ سے بڑھ کر 2016 تک 38.5 سینٹی گریڈ ہوگیا ہے۔
مسٹر بھاٹیا کا کہنا ہے کہ گھروں کو ٹھنڈا رکھنے کے علاوہ، اس پینٹ میں کیڑے مکوڑوں کو دور رکھنے کی خصوصیات بھی موجود ہیں کیونکہ نیل میں کاپر سلفیٹ ملانے سے یہ بنائی جاتی ہے۔
بھاٹیا شہروں میں اضافے کو بُری چیز نہیں سمجھتے، لیکن وہ بتاتے ہیں کہ اس سے وہ روایات ترک ہو جاتی ہیں جو نظام اور ماحولیات کے لئے تیار کی گئی تھیں۔
وہ کہتے ہیں، 'ماضی میں اگر کوئی جودھپور کی کسی گلی میں چلتا تھا جہاں دونوں طرف نیلے رنگ کے گھر تھے، تو آج اسی گلی میں گزرتے ہوئے ان گھروں کو گہرے رنگوں میں دیکھ کر وہ ہلکی ہوا بھی ان سے زیادہ گرم محسوس کرے گا۔'
اسے ہیٹ آئی لینڈ ایفیکٹ کہا جاتا ہے، جہاں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کا اثر اس وقت اور زیادہ ہو جاتا ہے جب گرمی اور سورج کی روشنی کنکریٹ، سیمنٹ اور شیشے سے ٹکرا کر ماحول میں واپس منعکس ہوتی ہے۔
گہرے رنگوں کے ساتھ اس اثر میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ جیسے جیسے شہر بڑے ہو رہے ہیں، تعمیر کے دیسی طریقوں کی جگہ سیمنٹ یا کنکریٹ کے استعمال جیسے نئے طریقے اپنائے جا رہے ہیں جو نیلے رنگ کو اچھی طرح جذب نہیں کرتے۔
برہمہ پوری کے 29 سالہ سول انجینئر آدتیہ دوے کہتے ہیں کہ ان کا 300 سال پرانا خاندانی گھر زیادہ تر نیلے رنگ کا رہا ہے، حالانکہ کبھی کبھار وہ بیرونی دیواروں کو دوسرے رنگوں میں رنگ دیتے ہیں۔
اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ نیل کی قلت نے حالیہ برسوں میں اخراجات میں اضافہ کیا ہے۔
گھروں کو نیلے رنگ میں رنگنے کی قیمت ایک دہائی پہلے تک تقریباً پانچ ہزار روپے تھی جو آج 30 ہزار روپے سے زیادہ ہوگئی ہے۔
دوے کہتے ہیں کہ ’آج گھروں میں کھلی نالیاں بھی ہیں جو نیلے رنگ کو آلودہ کرتی ہیں اور دیواروں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب انھوں نے پانچ سال پہلے برہمہ پوری میں اپنا گھر بنایا تھا تو انھوں نے ایک ٹائل کا انتخاب کیا تھا، جس کی بار بار تزئین و آرائش کی ضرورت نہیں ہے۔‘
برہمہ پوری کے کئی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ شہر اپنی منفرد شناخت کھو رہا ہے جو دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرتا ہے۔
دیپک سونی برہمہ پوری کے نیلے گھروں کو محفوظ رکھنے کے لیے مقامی حکام سے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ شہر کے رنگوں میں تبدیلی سیاحوں کے ساتھ دھوکہ دہی ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’ہمیں شرم آنی چاہیے کہ جب کوئی ان گھروں کی تلاش میں آتا ہے جو ہمارے شہر کی شناخت ہیں تو وہ انھیں دیکھنے کو ہی نہیں ملتے۔ بہت سے غیر ملکی جودھپور کا موازنہ شیفشاؤن سے کرتے ہیں۔ اگر شیفشاؤن صدیوں سے اپنے گھروں کو نیلا رکھنے میں کامیاب رہے ہیں، تو ہم کیوں نہیں کر سکتے؟‘
سال 2018 میں دیپک سونی برہمہ پوری کے رہنے والے تھے لیکن اب جودھپور کی دیوار سے باہر رہتے ہیں۔ انھوں نے اپنے آبائی شہر کے انوکھے ورثے کو بچانے کے لیے مقامی حکام اور برادریوں کے ساتھ بات چیت کی تھی۔
سنہ 2019 سے انھوں نے ہر سال 500 گھروں کی بیرونی دیواروں کو نیلے رنگ میں رنگنے کے لیے برہمہ پوری کے رہائشیوں سے مقامی طور پر بھی فنڈز اکٹھے کیے ہیں۔
کچھ کارکنوں نے بھی برہمہ پوری کے گھروں کی بیرونی دیواروں کو نیلے رنگ میں رنگنے کے لیے فنڈز جمع کرنے کی کوشش کی ہے۔
انھوں نے برہمہ پوری کے تقریباً تین ہزار گھروں کے مالکوں کو اپنے گھروں کی بیرونی دیواروں اور چھتوں کو نیلے رنگ میں بدلنے کے لیے قائل کیا ہے تاکہ کم از کم جب کوئی برہمہ پوری میں تصویر کھینچتا ہے، تو پس منظر نیلا دکھائی دے۔
دیپک سونی کا اندازہ ہے کہ برہمہ پوری کے تقریباً 33 ہزار گھروں میں سے تقریباً آدھے اس وقت نیلے رنگ کے ہیں۔ وہ مقامی حکام اور عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر چونے کا پلاسٹر لگانے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ گھروں کو اس رنگ میں رنگا جا سکے۔
وہ کہتے ہیں کہ جس شہر کو وہ اپنا گھر کہتے ہیں، اس کے لیے وہ کم از کم اتنا تو ہی کر سکتے ہیں۔
’جودھپور کے باہر کے لوگ ہمارے شہر کی پرواہ کیوں کریں گے، اگر ہمیں اس کے ورثے کی پرواہ نہیں ہے، اور اسے بچانے کے لیے کچھ نہیں کریں گے؟‘